تازہ ترین

جموں کشمیر میں کورونا بے قابو| ریکارڈ 4650مثبت، 37فوت

کشمیر میں3187اور جموں میں1463متاثر، جموں میں مہلوکین1000سے پار

تاریخ    5 مئی 2021 (00 : 01 AM)   


پرویز احمد
  سرینگر //جموں و کشمیر میںہر گزرتے دن کے ساتھ کورونا وائرس کی دوسری لہر میں شدت آرہی ہے اور متاثرین کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہورہا ہے۔ گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران جموں و کشمیر میں پہلی مرتبہ 4650افراد وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ متاثرین کی مجموعی تعداد 1لاکھ 91ہزار869ہوگئی ہے۔ اس دوران 37افراد اپنی جان گنوا چکے ہیں اور متوفین کی تعداد2458ہوگئی ہے۔ پچھلے 24گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے 38ہزار317ٹیسٹ کئے گئے جن میں 145سفر کرنے والوں سمیت ریکارڈ 4650افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں جن میں 1463افراد جموں جبکہ 3187متاثرین کا تعلق کشمیر صوبے سے ہے۔ کشمیر صوبے سے تعلق رکھنے والے 3187متاثرین میں 45بیرون ریاستوں اور ممالک سے کشمیر آئے ہیں جبکہ 3142افراد مقامی سطح پر رابطے میں آنے کی وجہ سے وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔ تازہ 3187متاثرین میں سرینگر میں سب سے زیادہ 1311،بارہمولہ میں 352، بڈگام میں 386، پلوامہ میں 240، کپوارہ میں96،اننت ناگ میں 417، بانڈی پورہ میں 107، گاندربل میں 31، کولگام میں 162 اور شوپیان میں 85افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں۔ وادی میں متاثرین کی مجموعی تعداد 1لاکھ 17ہزار207ہوگئی ہے۔ اس دوران کشمیر میں مزید 12متاثرین فوت ہوگئے۔ مرنے والوں میں صدر اسپتال سرینگر میں 4،سی ڈی اسپتال ڈلگیٹ میں 2، سکمز صورہ میں ایک ، ضلع اسپتال پلوامہ میں 2، ایک رعناواری اسپتال اور ایک جے وی سی بمنہ میں فوت ہوا ہے۔ صدر اسپتال سرینگر میں فوت ہونے والے 4افراد میں سونہ وار کا 57سالہ شخص، اننت ناگ کا 65سالہ شخص اور وترگام بارہمولہ کا 69سالہ شخص شامل ہے۔ سی ڈی اسپتال ڈلگیٹ میں فوت ہونے والے 2افراد میں حول کا 82سالہ شخص اورپانپور کا 50سالہ شخص شامل ہے۔ سکمز صورہ میں شانگس اننت ناگ کی 50سالہ خاتون فوت ہوئی ہے۔ ضلع اسپتال پلوامہ میں پرچو پلوامہ کا 75سالہ شخص اور ترال پائین کا 60سالہ شخص کورونا وائرس سے فوت ہوا ہے۔ رعناواری اسپتال میں بٹہ مالو سرینگرکا 80سالہ معمر شخص فوت ہوا ہے جبکہ اشم بانڈی پورہ سے تعلق رکھنے والی 55سالہ معمر خاتون فوت ہوئی ہے۔ وادی میں متوفین کی مجموعی تعداد 1452ہوگئی ہے۔جموں صوبے میں بھی 1463افراد کی رپورٹیں مثبت آئیں جن میں 100متاثرین بیرون ریاستوں اور ممالک کا سفر کرکے جموں پہنچے جبکہ 1363افراد مقامی سطح پر رابطے میں آنے کی وجہ سے وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔ تازہ 1463متاثرین میں ضلع جموں میں 598، ادھمپور میں 220، راجوری میں 205،ڈوڈہ میں 81، کٹھوعہ میں 134، سانبہ میں 50، کشتواڑ میں 15، پونچھ میں 72،  رام بن میں 49 جبکہ ریاسی میں 39افراد وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔ جموں میں مزید 25افراد وائرس سے فوت ہوگئے۔ مرنے والوں میں  10جی ایم سی جموں، 3جی ایم سی راجوری ، ایک جی ایم سی ڈوڈہ، 2سی ڈی اسپتال جموں، ایک سی آئی ایم ایس جھلندر، ایک کے سی جی ایم سی کرنال،ایک سب ضلع اسپتال مینڈھر، ایک ایس ایم وی ڈی این ایچ کٹرا جبکہ 5افراد گھروں میں فوت ہوئے ہیں۔ جموں صوبے میں متوفین کی مجموعی تعداد 1000کا ہندسہ پار کرکے 1006ہوگئی ہے۔