تازہ ترین

امریکی صدر اور جاپانی وزیر اعظم کی وائٹ ہاوس میں ملاقات | جمہورت کو عالمی خوشحالی کی بنیاد قراردیا

تاریخ    18 اپریل 2021 (00 : 01 AM)   


یو این آئی
واشنگٹن // جاپان کے وزیر اعظم یوشی ہیدے سوگا نے کل وائٹ ہاوس میں امریکہ کے صدر جو بائیڈن سے ملاقات میں جمہورت کو عالمی خوشحالی کی بنیاد قرار دیا۔ یہ ملاقات صدر بائیڈن کی وائٹ ہاوس پہنچنے کے بعد کسی غیر ملکی رہنما کے ساتھ پہلی براہ راست ملاقات تھی۔دونوں رہنماوں نے ملاقات کے دوران ماسک پہن رکھے تھے۔اس سے قبل جاپان کے وزیر اعظم نے نائب صدر کاملا ہیرس سے ملاقات کی تھی۔سوگا نے کہا کہ جاپان اس بات کا بہت معترف ہے کہ بائیڈن انتظامیہ اپنے اتحادیوں اور شراکت داروں سے تعاون کو اہمیت دے رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جمہوریت، انسانی حقوق اور دیگر مشترکہ اقدار خطے اور دنیا میں خوشحالی کی بنیاد ہیں۔ایسو سی ایٹڈ پریس کے مطابق، ان کا اشارہ بظاہر چین کی جانب تھا ، جو بین الاقوامی سطح پر اپنی معاشی اور فوجی طاقت کو بڑھانے کے اشارے دے رہا ہے۔ سوگا نے صحافیوں کو بتایا کہ ان کے دورے کا مقصد خطے میں اپنے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے دونوں ملکوں کے درمیان نئے اور مضبوط تعلقات کا اعادہ کرنا ہے۔جاپان کے وزیر اعظم نے وسیع پیمانے کے چیلنجوں کا حوالے دیتے ہوئے کہا کہ جاپان اور امریکہ کو اپنا اتحاد مضبوط بنانے کی جتنی ضرورت آج ہے، اتنی پہلے کبھی نہیں تھی۔کاملا ہیرس نے اس موقع پر کہا کہ وہ اِنڈو پیسیفک خطے میں باہمی عزم اور تعاون پر بات چیت کریں گے۔مبصرین کے مطابق ، صدر جو بائیڈن کی جاپان کے وزیر اعظم یوشی ہیدے سوگا سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات اس لحاظ سے اہم ہے کہ امریکہ چین کی بڑھتی ہوئی جارحانہ اقدامات کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنے ایشیا بحرالکاہل اتحادیوں کے کردار کو بے حد اہمیت دے رہا ہے۔امریکی عہدیدار کا کہنا تھا کہ امریکہ اس کے لئے جاپان سے اصرار بھی نہیں کرے گا کیونکہ وہ جاپان اور چین کے درمیان گہرے تجارتی اور معاشی روابط کو سمجھتا ہے۔