تازہ ترین

عشمقام میں بجلی گری، نوجوان لقمہ ٔاجل

آئندہ چند روز میں ہلکی و موسلادھار بارشوں کا امکان

تاریخ    15 اپریل 2021 (00 : 01 AM)   
(File Photo)

عارف بلوچ
اننت ناگ// عشمقام میں بجلی گرنے سے ایک نوجوان لقمہ اجل بن گیا۔اس دوران وادی کے کئی علاقوں میں ہلکی  اور درمیانہ درجے کی بارشیں ہوئیں۔اس واقعہ میں رہائشی مکان کو بھی نقصان پہنچا۔محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق وادی میں موسمی صورتحال بدھ کی سہ پہر تبدیل ہوئی اور جہاں شہر سرینگر میں ہلکی بوندا باندی ہوئی وہیں وادی کے بالائی علاقوں میں موسلا دھار بارشیں ہوئیں۔ بالائی علاقوں میں جم کر بارشیں ہونے کی اطلاعات ہیں۔شام ساڑھے 6 بجے گرج چمک کے دوران ٹھوکر پورہ سلی گام عشمقام میں محمد شفیع وانی کے مکان پر بجلی گری جس کے نتیجے میں اسکا جواں سال چھوٹا بیٹا 25سالہ جنید شفیع وانی موقعہ پر ہی لقمہ اجل بن گیا۔ادھربدھ کی صبح دھوپ چھائوںکی آنکھ مچولی جاری رہی بعدددوپہر کئی علاقوں میں ہلکی بارشوںکاسلسلہ شروع ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ  اس نے پہلے ہی 14سے18اپریل تک موسمی صورتحال ابتررہنے کی پیشگوئی کی ہے۔اس دوران 40کلومیٹر فی گھنٹہ رفتار سے تیز ہوائیں بھی چلنے کا امکان ہے۔ محکمہ کے ایک ترجمان کے مطابق وادی کشمیر میں15 سے18 اپریل تک میدانی علاقوں میں موسلا دھار بارشیں جبکہ بالائی علاقوں میں کہیں کہیں برف باری ہوسکتی ہے۔انہوں نے بتایا  19 اور 20 اپریل کو بھی کہیں کہیں بارشیں ہوسکتی ہیں۔