تازہ ترین

ہندوارہ میں البدر کے 2جنگجو اور3اعانت کار گرفتار: پولیس

تاریخ    13 اپریل 2021 (22 : 01 PM)   


نیوز ڈیسک
سرینگر//پولیس نے منگل کے روز کہا کہ شمالی ضلع کپوارہ میں ہندوارہ رعلاقہ کے کرالہ گنڈ میں دو جنگجوﺅں اور تین اعانت کاروں کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔پولیس کے مطابق گرفتار شدگان کا تعلق عسکری تنظیم البدر سے ہے۔
ایس پی ہندوارہ سندیپ گپتا نے ایک پریس کانفرنس کے دوران گرفتار شد ہ تین اعانت کاروں کی شناخت کرتے ہوئے کہا کہ ان میں محمد یاسین راتھر ولد محمد اکبر، شوکت احمد گنائی ولد ثنا اللہ گنائی اور غلام نبی راتھر ولد ولی محمد راتھر ساکنان کاچلو قاضی آباد شامل ہیں۔
گپتا نے کہا کہ یہ تینوں ایک موٹر سائیکل پر جارہے تھے جب انہیں بارہمولہ۔ہندوارہ شاہراہ پر ناکہ کے دوران گرفتار کیا گیا۔یہ ناکہ فوج، پولیس اور سی آر پی ایف نے مشترکہ طور لگایا تھا۔
گپتا کے مطابق تینوں نے بھاگنے کی کوشش کی لیکن ایک تلاشی پارٹی نے انہیں دھر لیا۔ان کی تحویل سے ہتھیار اور گولہ بارود بھی بر آمد کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ان کے قبضے سے البدر تنظیم کا ایک لیٹر پیڈ بھی بر آمد ہوا۔
ایس پی ہندوارہ نے دو گرفتار جنگجوﺅں کے بارے میں کہا کہ ان میں سلیم یوسف راتھر ولد محمد یوسف راتھر اور اخلاق احمد شیخ ولد امتیاز احمد ساکنان وترگام شامل ہیں اور انہیں بھی فوج اورپولیس کی ایک مشترکہ کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا۔یہ کارروائی بدرکلی جنگلی علاقے میں تلاشی آپریشن کے دوران عمل میں لائی گئی۔
گپتا نے مزید کہا کہ مذکوریہ جنگجوﺅں نے حال ہی میں عسکریت میں شمولیت اختیار کی تھی اور انہوں نے پنچوں اور سرپنچوں کو نشانہ بنانے کا منصوبہ بنایا تھا۔