تازہ ترین

ماہ صیام میں جامع مسجد میں نمازوں کی ادائیگی

کووِڈ- 19سے بچائو کے تمام رہنماخطوط پر عمل کیا جائے گا

تاریخ    13 اپریل 2021 (00 : 01 AM)   


سرینگر//جامع مسجد سرینگر میں نمازتراویح اوردیگرنمازوں سے قبل کوروناسے بچائوکے تمام رہنما خطوط پرعملدرآمد کابھرپور خیال رکھاجائے گااور لوگوں سے بھی انجمن اوقاف جامع مسجد نے کہا ہے کہ وہ کووِڈ- 19 سے بچائو کے تمام رہنماخطوط کی پاسداری کریں بصورت دیگر انجمن اوقاف اپنا فیصلہ بدلنے پرمجبورہوگی۔ایک بیان میں انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگرنے ماہ مبارک کی آمد پراہل اسلام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالی ہمیں ماہ صیام کے حقوق اداکرنے کی توفیق وہمت عطاکریں اوررمضان االمبارک کی برکت سے ملت کے تمام مسائل اورمشکلات کوحل فرمائیں۔بیان میں کہاگیا ہے کہ کووِڈ- 19کی دوسری لہر کے تناظر میں طبی ماہرین کی رائے کے مطابق جامع مسجد سرینگرمیں نمازوں اور تراویح کے اہتمام سے قبل تمام رہنماخطوط کابھرپورلحاظ اور خیال رکھا جائے گا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ جونمازی جامع مسجدمیں داخل ہوں گے ان کے لئے یہ لازمی ہوگا کہ وہ ماسک کااستعمال کرنے کے علاوہ سماجی دوری کا بھی خیال رکھیں گے۔ بیان میں یہ بات زور دیکر کہی گئی ہے کہ جامع مسجد میں نماز کیلئے آنے والے جو نمازی مذکورہ ہدایات کا خیال نہیں رکھیں گے تو اس کی وجہ سے دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اور بصورت دیگر انجمن اوقاف نمازوں کے اہتمام کے حوالے سے اپنا فیصلہ بدلنے پر مجبور ہو سکتی ہے۔بیان میں انجمن نے مقدس ماہ رمضان کے پیش نظر ایک بار پھر میرواعظ کشمیر  مولوی محمد عمر فاروق کی رہائی پر زور دیتے ہوئے حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ میرواعظ کی نظربندی فوری طورپر ختم کریں تاکہ موصوف اپنے منصبی فرائض ادا کر سکیں۔