تازہ ترین

ٹھاٹھری ڈوڈہ شاہراہ پر المناک حادثہ| 4 خواتین سمیت 7لقمۂ اجل

تاریخ    13 اپریل 2021 (00 : 01 AM)   


اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ٹھاٹھری کلہوتران شاہراہ پر پیش آئے بد قسمت سڑک حادثہ میں 4 خواتین سمیت 7 افرادلقمہ اجل جبکہ3 مسافرزخمی ہوئے۔یہ واقعہ پیر کے روز ڈیڑھ بجے اسوقت پیش آیا جب ٹھاٹھری سے چلی گندوہ جارہی ایک میٹا ڈار زیر نمبرJK06A/6733 پیاکل کے نزدیک  یہ حادثہ کا شکار ہو کر تین سو فٹ نیچے کالونی دریا میں جاگری جس کے نتیجے میں موقع پر ہی 5 افراد لقمہ اجل و 5 زخمی ہوئے۔ حادثہ کے فوراً بعد مقامی لوگ، پولیس ،سیول انتظامیہ و سیکورٹی فورسز کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور بچاؤ کارروائی شروع کیں۔امدادی کارروائی کے دوران10افراد کو سب ضلع ہسپتال ٹھاٹھری منتقل کیا گیاجن میں پانچ افراد کی پہلے ہی موت واقع ہوئی تھی۔ابتدائی علاج کے بعد ٹھاٹھری سے 5 افراد کو جی ایم سی ڈوڈہ منتقل کیا گیاجہاں پر ایک زخمی شخص نے دم توڑ دیا اور اسطرح حادثہ میں مہلوکین کی تعداد 6 ہوگئی۔ایس ڈی ایم ٹھاٹھری اطہر آمین زرگر و ایس ڈی پی او گندوہ شہزادہ کبیر متو نے بھی جائے وقوعہ کا دورہ کرکے امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا ۔کالی بیگم زوجہ عبد الکریم (40)ساکن ناگنی کی جی ایم سی جموں میں موت واقع ہوئی۔ایس ڈی پی او گندوہ شہزادہ کبیر متو نے کشمیر عظمیٰ کو اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سڑک حادثہ میں کل 7 افراد ہلاک اور تین زخمی ہیں جن میں دو جی ایم سی جموں میں زیر علاج ہیں۔چیف میڈیکل آفیسر ڈوڈہ ڈاکٹر محمد یعقوب نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اس حادثہ میں موقعہ پر 6 افراد ہلاک ہوئے  جبکہ بعد میں ایک خاتون جموں میڈیکل کالج اسپتال میں دم توڑ بیٹھی۔حادثہ میں مرنے والوں کی شناخت یاسر حسین (28)ولد بشیر احمد ساکن دھروٹھ، شکر دین ولد عبد العزیز (60)ساکن ٹانٹا ،کالی بیگم زوجہ عبد الکریم (50)ساکن پیاکل ،انجو دیو زوجہ سنیل کمار (28)،سدیشہ دیوی زوجہ مان سنگھ (40)، پریم چند ولد سنت رام (60)ساکنہ سیوا چرالہ اورکالی بیگم زوجہ محمد ابراہیم کے بطور ہوئی ہے۔زخمیوں میںتنویر حسین ولد علی حسین، عبد الطیف ولد محمد ابراہیم، غلام محمد ولد فتح محمدشامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں تھانہ پولیس گندوہ میں ایف آئی آر زیر نمبر279/2021درج کر کے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہے۔