تازہ ترین

نوجوان بندوق کا راستہ چھوڑ کرحقوق کے حصول کیلئے جمہوری طریقہ اپنائیں: محبوبہ مفتی

تاریخ    12 اپریل 2021 (26 : 04 PM)   


یو این آئی
سری نگر// پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کشمیر کے نوجوانوں سے بندوق چھوڑ کر جمہوری طریقے کو اختیار کرکے اپنے حقوق کے لئے لڑنے کی اپیل کی ہے ۔انہوں نے کہا ” کچھ لوگ چاہتے ہیں کہ جموں وکشمیر کے لوگ بندوق اٹھائیں تاکہ ہم دنیا کو بتا سکیں یہ دہشت گرد ہیں “۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز الائنس برائے گپکار اعلامیہ ابھی بھی صحیح و سالم ہے اور اس کا بڑا مقصد دفعہ 370 کی بحالی کے لئے لڑنا ہے۔
موصوفہ نے ان باتوں کا اظہار پیر کے روز ایک تقریب کے حاشئے پر نامہ نگاروں کے ساتھ گفتگو کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا”شاید کچھ لوگ چاہتے ہیں کہ جموں وکشمیر کے نوجوان بندوق اٹھائیں تاکہ وہ دنیا کو بتا سکیں کہ یہ دہشت گرد ہیں اور ان کا کوئی مسئلہ نہیں ہے“۔
ان کا کہنا تھا” میں بار بار نوجوانوں سے گذارش کرتی ہوں کہ وہ گولیوں سے اپنی جان نہ گنوائیں بلکہ جمہوری طریقے سے بات کریں، آج نہیں کل نہیں لیکن آخر کار دونوں ہندوستان اور پاکستان کو بات کرکے جموں وکشمیر کے مسئلے کا حل نکالنا پڑے گا“۔
پیپلز الائنس برائے گپکار اعلامیہ کے بارے میں پوچھے جانے پر موصوفہ نے کہا”پی اے جی ڈی کا مقصد دفعہ 370 بحال کرنے کے لئے کوشش کرنا ہے، فاروق صاحب کی طبیعت ناساز ہونے کی وجہ سے میٹنگ نہیں ہو رہی ہے، پی اے جی ڈی ابھی صحیح و سالم ہے کیونکہ لوگ اس کے ساتھ ہیں“۔
جموں و کشمیر میں اسمبلی نشستوں کی سر نو حد بندی کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا”مرکزی حکومت چاہتی ہے کنٹرول زیادہ سے زیادہ وقت تک ان کے ہاتھوں میں ہی رہے اگر یہاں انتخابات ہوئے تو کنٹرول ان کے ہاتھوں میں نہیں رہے گا اور ان کی مداخلت بند ہوجائے گی“۔
ان کا کہنا تھا کہ یہاں کے سارے فیصلے جیسے پکڑ دھکڑ وغیرہ دلی سے آ تے ہیں۔
موصوفہ نے کہا ” کشمیری پھنسا ہوا ہے یہاں لاوا پک رہا ہے جو کبھی نہ کبھی نہ پھٹے گا تو بہت بڑا نقصان ہوگا“۔
انہوں نے کہا”میں مرکزی سرکار سے کہتی ہوں کہ ایسا نہ کریں کہ کل سارے راستے بند ہوں گے“۔
 
 
 

تازہ ترین