تازہ ترین

بچوں میں ذہنی صحت کے مسائل بڑھ گئے | 78 فیصد اساتذہ کا ایک سروے میں انکشاف

تاریخ    12 اپریل 2021 (00 : 12 AM)   


یو این آئی
لندن //پانچ میں سے چار ٹیچرز (78فیصد) کا کہنا ہے کہ بچوں میں ذہنی صحت کے مسائل بڑھ گئے ہیں۔ ایک سروے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پچھلے ایک سال میں تقریباً پانچ میں سے چار اساتذہ نے طلبہ میں ذہنی صحت کے مسائل میں اضافہ دیکھا ہے۔ نیشنل ایجوکیشن یونین (این ای یو) کے سروے کے مطابق پانچ میں تین سے زائد (62 فیصد) ٹیچرزکا خیال ہے کہ حکومت نے تعلیمی اقدامات میں نوجوانوں کی اچھی ذہنی صحت کو کم ترجیح دی ہے۔ برطانیہ کی سب سے بڑی تدریسی یونین وزراء سے یہ تسلیم کرنے کے لئے مطالبہ کررہی ہے کہ نوجوانوں کی فلاح و بہبود ان کی تعلیم کی طرح ’’اتنی ہی اہم‘‘ ہے۔ اس سروے میں، جس میں بنیادی طور پر ٹیچرز، اسکول قائدین اور کچھ معاون عملہ شامل تھے، بتایا گیا ہے کہ تین میں سے دو کا خیال ہے کہ تعلیم کو ترجیح دینے کے لئے دبائو طلبہ کی ذہنی صحت میں رکاوٹ ہے۔ نصف سے زائد (56 فیصد) نے کہا کہ بیرونی امدادی خدمات تک رسائی نہیں ہے جبکہ 54 فیصد نے سائنٹیفک سٹاف کی جانب سے دیکھ بھال میں کمی کو رکاوٹ قرار دیا۔ یہ نتائج این ای یوکی سالانہ کانفرنس کے آخری دن جاری کئے گئے تھے۔