تازہ ترین

شہزادہ فلپ 99 برس کی عمرمیں چل بسے

تاریخ    10 اپریل 2021 (00 : 01 AM)   


 لندن//ملکہ برطانیہ کے شوہر اور شہزادہ فلپ 99 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ بکنگھم پیلس نے جمعے کو ان کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔ پرنس فلپ کا حال ہی میں دل کا کامیاب آپریشن ہوا تھا۔ پرنس فلپ کو طویل عرصے سے صحت کے مسائل کا سامنا تھا۔2011 میں دل کے عارضے کی وجہ سے سٹنٹ ڈالا گیا تھا۔ پرنس فلپ کو دل کا عارضہ لاحق تھا اور انہیں کنگ ایڈورڈ ہسپتال لندن میں 16 فروری کو ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔انہیں یکم مارچ کو لندن ہی کے سینٹ بارتھولومیوز ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کے انفیکشن کا علاج کیا جاتا رہا، ساتھ ہی انہیں لاحق دل کے عارضے کے حوالے سے بھی مختلف ٹیسٹ کیے گئے۔پرنس فلپ نے ملکہ الزبتھ کے ساتھ تقریباً سات دہائیوں پر محیط ازدواجی زندگی گزاری جن میں سے 69 سال حکمرانی کے تھے جو برطانیہ کی تاریخ میں طویل ترین حکمرانی کا عرصہ ہے۔پرنس فلپ نے الزبتھ کے ساتھ 1947 میں ویسٹ منسٹر ایبے میں شادی کی تھی اور دوسری عالمی جنگ کے بعد بادشاہت کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔فلپ نے 2017 میں 96 سال کی عمر میں سرکاری فرائض سے ریٹائر ہونے کا اعلان کیا تھا۔پرنس فلپ اور ملکہ الزبتھ نے رواں سال جنوری میں پہلی کورونا ویکسین لگوائی تھی۔پرنس فلپ کا انتقال جون میں 100 ویں سالگرہ سے فقط دو ماہ قبل ہوا، ان کی سالگرہ کے لیے ملکہ نے مبارک باد کے پیغامات بھی جاری کیے۔گذشتہ برس نومبر میں انہوں نے شادی کی سالگرہ کے موقع پر محل سے 1947 کی ایک تصویر جاری تھی جس میں ملکہ کے ساتھ موجود تھے۔