تازہ ترین

امریکہ، ایران پر پابندیاں اٹھانے کیلئے تیار

تاریخ    9 اپریل 2021 (00 : 01 AM)   


 واشنگٹن //امریکانے ایران پرعائد پابندیاں اٹھانے اور جوہری معاہدے میں واپسی کاعندیہ دیدیا۔ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے جوہری معاہدے سے باہر آنے کے بعد اب جوبائیڈن انتظامیہ نے اس تاریخی ڈیل میں واپسی کا عندیہ دے دیا ہے۔ایران نیوکلیئرڈیل میں واپسی سے متعلق ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نڈپرائس نے بیان میں کہا ہے کہ ایران ایٹمی ڈیل پرواپسی کیلیے ضروری اقدامات پرتیارہیں۔ترجمان محکمہ خارجہ نے کہا کہ ایران پرعائدایسی پابندیاں بھی اٹھانے کوتیارہیں جوڈیل سے موافق نہیں۔انہوں نے کہا کہ فی الحال وہ اس پوزیشن میں نہیں کہ ممکنہ نکات اور معاہدے کے باب سے متعلق کچھ آگاہ کریں تاہم باراک اوباما انتظامیہ کی جانب سے معاہدے میں شامل’پابندیاں اٹھانے’ کی شرائط پر اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں امریکا اور ایران کے ساتھ عالمی جوہری معاہدے پر بالواسطہ مذاکرات کا پہلا دور کامیاب رہا۔خبر رساں اداروں کے مطابق یورپی یونین کے توسط سے امریکا اور ایران کے درمیان عالمی جوہری معاہدے میں واپسی سے متعلق ہونے والے ان مذاکرات کا پہلا دور مکمل ہوگیا، جس میں جوہری معاہدے کے تمام فریقوں نے شرکت کی۔ ایران اور عالمی طاقتوں نے کہا کہ وہ تہران پر عائد امریکی پابندیوں پر بات چیت کے لیے ورکنگ گروپ قائم کرنے پر رضامند ہوگئے ہیں، تاکہ تہران پر عائد پابندیوں کو ختم اور 2015ء  کا جوہری معاہدہ بحال کیا جا سکے۔ایرانی مشیر خارجہ اور جوہری مذاکرات کار سید عباس عراقچی نے مذاکرات کے پہلے دور کے اختتام کے بعد اس کے نتائج کو مثبت قرار دیا۔ انہوں نے ایرانی سرکاری ٹیلی وڑن سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ویانا میں مذاکرات تعمیری تھے۔