تازہ ترین

ڈوڈہ میں سبزیوں و گوشت کی قیمتوں میں اضافہ | عام آدمی مشکلات سے دوچار، انتظامیہ خاموش

تاریخ    8 اپریل 2021 (00 : 01 AM)   


اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ماہ رمضان کی آمد سے قبل ڈوڈہ ضلع میں ناجائز منافع خوری سے عام آدمی کا جینا محال بن گیا ہے لیکن انتظامیہ اس معاملہ میں خاموش ہے۔ڈوڈہ، بھدرواہ ،ٹھاٹھری و گندوہ بھلیسہ سے کئی عوامی وفود نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سبزی، چکن و اشیائے خوردنی کی چیزوں میں غیر قانونی منافع خوری کی وجہ سے انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بیشتر مقامات پر چکن ڈھائی سو روپے کلو کے حساب سے بیچا جاتا ہے جبکہ سبزیوں و پھلوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ عبد الکریم نامی ایک شہری نے کہا کہ سبزی سے لے کر گوشت مہنگے داموں پر فروخت کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جب اس بارے میں سبزی فروش و مرغبانوں سے اس کا سبب پوچھا جاتا ہے تو وہ کہتے ہیں کہ اوپر سے ہی مہنگا ملتا ہے۔ ستیش کمار نامی ایک اور شخص نے کہا کہ پہلے ہی مہنگائی و بے روزگاری نے غریب عوام کی کمر توڑ کر رکھ لی ہے اور اب ناجائز منافع خوری مزید پریشانی کا باعث ہے۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ سال میں ایک بار دیوالی یا عید کے موقع پر بازاروں کا معائنہ کرتی ہے اور باقی مہینوں خاموش رہتی 
ہے۔اعوام نے ضلع و مقامی انتظامیہ سے ماہانہ بنیادوں پر بازاروں کا معائنہ کرنے و سبزیوں پھلوں و گوشت کی قیمتیں مقرر کرنے و ناجائز منافع خوری کرنے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔