تازہ ترین

شاہراہ بند رکھنے کے باوجودگاڑیاں روانہ

جگہ جگہ بدترین ٹریفک جام

تاریخ    8 اپریل 2021 (00 : 01 AM)   


محمد تسکین
بانہال//  ٹریفک حکام  نے جموں سرینگر شاہراہ پر بدھ کے روز اپنے احکامات ہی دھجیاں اڑا دیں جس کے نتیجے میں شاہراہ پرقریب 7مقامات پر گر آئی پسیوں کے باعث بدترین ٹریفک جام ہوا۔ بدھ کو محکمہ ٹریفک کی جانب سے یہ ایڈوائزری جاری کی گئی تھی کہ شاہراہ پر دونوں جانب سے کوئی ٹریفک نہیں چلے گا۔منگل اور بدھ کی درمیانی شب ہی  شدید بارشوں سے کیفٹیریا موڑ، ماروگ ، بیٹری چشمہ ، پنتھیال ، رامسو اور شیر بی بی اور بانہال کے نزدیک بری تعداد میں پتھر گر آئے اور چھوٹی پسیاں بھی گر آئیں۔صبح کے وقت پتھروں اور پسیوں کے ملبے کو صاف کیا گیا اور شاہراہ قابل آمد و رفت بن گئی۔اس دوران محکمہ ٹریفک نے قاضی گنڈ سے ٹرکوں اور دیگر مسافر گاڑیوں کو جموں کی طرف روانہ کیا حالانکہ شاہراہ پر ٹریفک کے چلنے پر پابندی تھی اور رام بن سے بانہال کے درمیان شاہراہ کئی مقامات پر صرف یکطرفہ گاڑیوں کیلئے ہی قابل آمد و رفت بنائی گئی تھی۔ان 7مقامات پر دن بھر وقفے وقفے سے ٹریفک جام رہا اور مسافروں کو شدید کوفت کا سامنا کرنا پڑا۔ان جگہوں پر شاہراہ کی مرمت کا کام بدھ کی شام تک جاری تھا۔