تازہ ترین

برف و باراں کا سلسلہ تھم گیا

۔12اپریل سے ایک اور مرحلہ کی پیش گوئی

تاریخ    8 اپریل 2021 (00 : 01 AM)   


اشفاق سعید
  کرناہ/ / وادی میں موسلادھار بارشوں اور بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری کے بعد بدھ کی صبح سے موسم میں ٹھہرائو پیدا ہوا۔ محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سونم لوٹس نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ 8اپریل سے 12اپریل تک موسم خوشگواررہیگا لیکن 12اپریل کی شام سے  ایک بار پھر مغربی ہوائیں وادی میںداخل ہونگیں اور پھر 14اپریل تک وادی کے بالائی  اور میدانی علاقوں میں موسلادھار بارشیں ہونے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ شمالی ضلع کپوارہ کے بعض بالائی علاقوں بشمول کرناہ، مژھل اور کیرن میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران قریب ایک فٹ تازہ برف جمع ہوئی ۔ کرناہ میں سادھنا ٹاپ پر ایک فٹ تازہ برف جمع ہوئی جس سے سڑک ایک بار پھر بند ہوگئی۔سرینگر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 20.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ، میں کم سے کم درجہ حرارت 5.2 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ گلمرگ میں 5 سینٹی میٹر تازہ برف جمع ہوئی جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.2 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔پہلگام میں 28.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ، یہاں کم سے کم درجہ حرارت 1.7 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ سرحدی ضلع کپوارہ جس کے میدانی علاقوں میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 23.2 ملی میٹر بارش ہوئی ہے، میں کم سے کم درجہ حرارت 4.6 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ قاضی گنڈ میں 48.2 ملی میٹر بارش ہوئی ہے، میں کم سے کم درجہ حرارت 5.2 ڈگری درج ہوا۔ کوکر ناگ میں  21.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ۔