تازہ ترین

پائین شہر میں سڑکوں کی بدحالی | آبادی کیلئے وبالِ جان اور ٹرانسپورٹروں کیلئے پُر خطر

تاریخ    8 اپریل 2021 (00 : 01 AM)   
(عکاسی: امان فاروق)

سٹی رپورٹر
سرینگر/پائین شہر میں خستہ حال سڑکیں مقامی آبادی کیلئے وبال جان بنی ہوئی ہیں سڑکوں پر جگہ جگہ کھڈے پیدا ہو چکے ہیں جبکہ بارشوںکے دوران یہ سڑکیں تالابوںکی شکل اختیار کرتی ہیں۔بہوری کدل ،خانیار ،بابہ ڈیمب ،نائو پورہ ،راجروی کدل ،حول ،گوجوارہ اور پائین شہر کے دیگر علاقوں میں سڑکیں انتہائی خستہ حالت میں ہیں ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ سڑکیں پہلے سے ہی خراب حالت میں تھیں اورامسال بھاری برف باری اوراب بارشوں کی وجہ سے پائین شہر میںسڑکوں کی حالت انتہائی خراب ہوئی ہے۔بہوری کدل میں سڑکوں کی حالت انتہائی ناگفتہ بہہ ہے ۔یہاں سڑک کا میکڈیم اکھڑ گیا ہے اور سڑک پر جگہ جگہ کھڈ بن گئے ہیں اور سڑک پر کیچڑ کے ڈھیر جمع ہونے سے گاڑیوں کا چلنا محال بن چکا ہے جبکہ یہاں دن میں کئی مرتبہ سکوٹر کیچڑ میں پھنس جاتے ہیں اور راہ گیروں کا عبور و مرور بھی مشکل بن چکا ہے ۔خانیار میںسڑک کھنڈرات بن چکی ہے ۔لوگوں کا کہنا ہے کہ سڑک ہر گہرے کھڈ ہیں جس کی وجہ سے ٹریفک کی نقل و حرکت میں خلل کے ساتھ ساتھ لوگوںبھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔معراج الدین نامی شہری نے بتایا کہ پائین شہر ایک ایسا علاقہ ہے جہاں حکومت یہاں کی سڑکوں کی تعمیر و تجدید کی جانب کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے۔کئی میٹا ڈار ڈرائیوروں نے بتایا کہ پائین شہر کے بیشتر علاقوں میں بدحال سڑکوں کی وجہ سے انہیں نقصان سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے ۔بلال احمد نامی ڈرائیور نے بتایا ’’جب سڑک ٹھیک ہوگئی تبھی ٹرانسپورٹ کی نقل و حمل ٹھیک رہتی ہے مگر سڑکیں خستہ ہونے کی وجہ سے 20منٹ کا فاصلہ ایک گھنٹے میں طے ہوتا ہے کیونکہ جہاں جہاں سڑک خراب ہے وہاں کچھوے کی رفتار سے چلنا پڑتا ہے ‘‘۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ پائین شہر کی سڑکیں معمولی بارشوں کے بعد ہی تالابوں کا منظر پیش کرنے لگتی ہیںجس کے نتیجے میں گاڑیوں کے ساتھ ساتھ پیدل چلنے والوں کا عبور و مرور تقریباً نا ممکن بن جاتا ہے۔لوگوں کا کہنا ہے کہ مین سڑکوں کے ساتھ ساتھ رابطہ سڑکیں خستہ ہوچکی ہیں ۔پائین شہر کی میں رابطہ سڑکوںپر جگہ جگہ گہرے کھڈ بن گئے ہیں اور اندروانی سڑکیں ایسی ہیں کہ اْن کو دیکھ کر لگتا ہے کہ یہ شہر کی سڑکیں نہیں بلکہ کسی ویران علاقے کی سڑکیں ہیں۔امسال ہوئی بھاری باری اوراب بارشوں کے بعدان سڑکوں کی حالت مزید بدتر ہو گئی ہے اور اْن کی مرمت کے حوالے سے محکمہ بے بس نظرآرہا ہے۔ لوگوںکاکہنا ہے کہ اگر یہ حال شہر کا ہے تو وادی کے دور دراز علاقوں کی سڑکوں کا کیا ہو گا۔مقامی آبادی کے ساتھ ساتھ مقامی تاجروں نے سرکار سے مانگ کی ہے کہ پائین شہر میں سڑکوں کی مرمت کے لئے اقدامات کئے جائیں ۔