تازہ ترین

مقناطیسی بارودی دھماکوں کا خطرہ : ڈی جی

پلوامہ میں منصوبہ بندی ناکام،فورسز الرٹ

تاریخ    14 مارچ 2021 (00 : 01 AM)   


سید امجد شاہ
  سرینگر// پولیس کے ڈائریکٹر جنرل دلباغ سنگھ نے مقناطیسی بارودی دھماکوں کو خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بارودی سرنگوں کو مقناطیس کے ساتھ دھات کی سطح سے جوڑنے کے لئے استعمال کیا جاسکتا ہے یا فورسز و شہریوں کی گاڑیوں کوالگ تھلگ یا بھیڑ کی جگہوں پر نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔ دلباغ سنگھ نے کہا’’ کچھ روز قبل پولیس نے پلوامہ میں اس طرح کی ایک بارودی سرنگ برآمد کرلی ہے اور اگر ایسی چیزیں (بم) کسی جگہ پر نصب کیا جائے تو ہم کوشش کریں گے کہ ایسے بموں کو بازیاب کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل ، ہم نے جموں کے بس اسٹینڈ علاقے میں 6.5 کلو بارودی سرنگ برآمد کی تھی اور اسے بھی ناکام بنایا گیا تھا۔ انہوں نے کہا’’گذشتہ ہفتے  اونتی پورہ میں حملہ کرنے کے لئے ایک فدائن کے ساتھ ایک بارودی مواد سے لیس گاڑی تیار کی گئی تھی،تاہم ، پورے گروہ کو بے نقاب کیا گیا، میں یقین دلانا چاہتا ہوں کہ اس طرح کی تمام سرگرمیوں کو بے نقاب کیا جائے گا۔‘‘انہوں نے کہاجہاں تک سرحد پار یا مقامی سطح سے اسلحہ او ربارود اسمگل  ہونے کا معاملہ ہے توہم ملزموں کی شناخت کر ر ہے ہیں اور جو عسکریت پسندی سے متعلق واقعات میں ملوث ہیں ان کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہیں۔ جب ان سے جنگجوئوںں کی موجودگی کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے جواب دیا کہ جموں و کشمیر میں ابھی 200 کے قریب جنگجو سرگرم ہیں اور ماضی کے مقابلہ میں ان کی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے۔تاہم ، انہوں نے کہا کہ خفیہ اطلاعات کے مطابق 200سے250 کے لگ بھگ جنگجولانچ پیڈ پر سرگرم ہیں۔ڈی جی پی نے کہا کہ یہاں تک کہ ہمسایہ ملک کی ایجنسی گذشتہ 30 سالوں سے کشمیر میں امن کو خراب کرنے کے لئے کام کر رہی ہے،تاہم فورسز نے جان و مال کو نقصان پہنچانے کی کوششوں کو کامیابی کے ساتھ ناکام بنا دیا ہے۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی پی نے پولیس اہلکاروں اور افسران سے کہا کہ وہ امن کی طرف صورتحال کی بہتری کے لئے عہد کریں۔انہوں نے کہا ’’ہم اپنی تمام تر کوششیں کرکے جموں و کشمیر میں امن کو مضبوط بنائیں گے اور کسی بھی قسم کی قربانی دینے سے گریز نہیں کریں گے ۔‘‘ انہوں نے کہا امن برقرار رکھنے کیلئے پولیس کی طرف سے مشکل صورتحال کے دوران بھی  شہری ہلاکتوں سے گریز کرنے پر پولیس فورس کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ امرناتھ یاترا سے پہلے فورسز سلامتی کے ہر طرح کے انتظامات کررہے ہیں۔ انٹر زون اسپورٹس میٹ 2021 کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پولیس کے سربراہ دلباغ سنگھ نے کہا’’یاتراکے لئے  سیکورٹی کے تمام انتظامات کئے جائیں گے،ہر سال مختلف سطحوں پر سکیورٹی کے جامع انتظامات کیے جاتے ہیں۔ اس سال بھی ، ہماری تیاریاں جاری ہیں ‘‘۔