تازہ ترین

جموں کشمیر میں سیاحت کوفروغ،چنئی میں روڈ شو کااہتمام

سیاحت سے وابستہ مقامی متعلقین نے ٹورازم کی ترقی کیلئے تجاویز پیش کیں

تاریخ    14 مارچ 2021 (00 : 01 AM)   


 چنئی//محکمہ سیاحت نے ٹریول ایجنٹس سوسائٹی آف کشمیرکے اشتراک سے یہاں چنئی میں ایک سیاحتی پرموشن روڈ شو کااہتمام کیا جس میں160معروف ٹریول ایجنسیوں کے سربراہاں نے شرکت کی۔اس تقریب کے دوران جموں کشمیرمحکمہ سیاحت کے ایڈیشنل سیکریٹری وسیم راجہ نے جموں کشمیرکے معروف اور کم مشہور سیاحتی مقامات ،آرٹ،دستکاریوں اور مہم جوسیاحت کے علاوہ یاتراسیاحت اور آنے والے ایام کے دوران منعقد کئے جانے والے میلوں کے بارے میں جانکاری دی۔ایڈیشنل سیکریٹری نے کھچاکھچ بھرے ہجوم کومحکمہ کی طرف سے سیاحت کوفروغ دینے کیلئے شروع کی گئی مہموں سے روشناس کرایاتاکہ ملک بھر سے سیاحوں کو کشمیرکی طرف راغب کیاجائے ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ کی ان مہموں کی وجہ سے مرکزی زیرانتظام علاقہ میں موسم سرما کے دوران سیاحوں کی آمد میں اضافہ ہوا۔چنئی کو جموں کشمیرکی سیاحت کیلئے ایک ابھرتابازار قرار دیتے ہوئے انہوں نے مقامی ٹریول ایجنٹوں سے تعاون طلب کیا تاکہ یہاں کے لوگوں کو کشمیرکی سیاحت کیلئے آمادہ کیا جائے۔ایڈیشنل سیکریٹری کی تقریر کے بعد مقامی ٹریول ٹریڈ سے وابستہ افراد کے ساتھ تبادلہ خیال کا سیشن منعقدہوا جنہوں نے جموں کشمیرمیں سیاحت کو مزید فروغ دینے کیلئے تجاویز پیش کیں ۔ایڈیشنل سیکریٹری نے انہیں یقین دلایا کہ محکمہ سیاحت جموں کشمیرمیں سیاحوں کے قیام کو یادگاری بنانے کیلئے ہرقسم کا تعاون دے گا۔ایڈیشنل سیکریٹری کے علاوہ جموں کشمیرٹورازم ڈیولمپنٹ کارپوریشن کے ڈپٹی جنرل منیجر اشونی گپتا ،ٹورسٹ افسرچنئی ٹی پی سنگھ،صدرٹرویل ایجنٹس سوسائٹی کشمیر میرانور،جنرل سیکریٹری ٹریول ایجنٹس سوسائٹی آف کشمیراطہر یامین نروری اور ٹاسک کے دیگر عہدیداروں اور ممبران بھی موجودتھے۔ روڈ شومیں چنئی کی معروف شخصیات جن میں ڈائریکٹر انفارمیشن اور پی آرتمل ناڈبھاسکرن بھی شامل ہیں،نے شرکت کی۔اس موقعہ پر مہمانوں نے جموں کشمیر محکمہ سیاحت کو اس عظیم الشان روڈ شو کا اہتمام کرنے کیلئے سراہا۔اس موقعہ پر سامعین رنگارنگ موسیقی کے پروگرام سے محظوظ ہوئے۔بعد ازاں ایڈیشنل سیکریٹری سیاحت نے مقامی ذرائع ابلاغ سے بھی خطاب کیا۔اس موقعہ پر انہوں نے مقامی ذرائع ابلاغ کوجموں کشمیر میں سیاحت کے موجودہ منظر نامے سے آگاہ کیا اور محکمہ کی سرگرمیوں کی بھی جانکاری دی۔ اس دوران ایڈیشنل سیکریٹری نے ایف ایم چینلوں اور مقامی میڈیاسے بھی تبادلہ خیال کیا تاکہ جموں کشمیر میں سیاحت کوفروغ دیاجاسکے۔تقریب کے آغاز پرٹرول ایجنٹس سوسائٹی آف کشمیر کے صدر میرانور نے استقبالی خطبہ دیا ۔