استاد کی رپورٹ مثبت

ہائرسیکنڈری سکول کھاگ بند

تاریخ    6 مارچ 2021 (00 : 01 AM)   


 سرینگر /پرویز احمد /ہائر سیکنڈری سکول کھاگ میں استاد کی رپورٹ مثبت آنے کے بعد ضلع انتظامیہ بڈگام نے سکول کو 5دنوں تک بند کردیا ہے۔ بلاک میڈیکل آفیسر کھاگ ڈاکٹر ادریس نے بتایا ’’ ہائر سیکنڈری میں ایک استاد کی رپورٹ مثبت آئی اور فی الحال سکول کو بند کردیا گیا ہے ‘‘۔ انہوں نے کہا ’’ سکول میں تعینات تمام اساتذہ اور مذکورہ استاد کے رابطے میں آنے والے بچوں کا پتہ لگانے اور انکی تشخیص کے بعد ہی سکول کو دوبارہ کھولا جائے گا‘‘۔۔چیف میڈیکل آفیسر بڈگام ڈاکٹر تجمل حسین نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ جمعہ کو کھاک میں ایک استاد کی رپورٹ مثبت آئی ہے‘‘۔ انہوں نے کہا ’’ ضلع میں ابتک نجی اور سرکاری سکولوں کے 5731اساتذہ کے ٹیسٹ کئے گئے جن میں  10کی رپورٹیں مثبت آئیں‘‘۔ انہوں نے کہا ’’ 10اساتذہ میں سے 9کی رپورٹیں فروری میں سکول کھولنے سے قبل مثبت آئی تھیں‘‘۔ انہوں نے کہا’’ کھاگ کے سکول میں تمام اساتذہ اورمتاثرہ استاد کے رابطے میں آنے والے بچوں کے تشخیصی ٹیسٹ کئے جائیں گے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ یکم مارچ سے وادی میں 9ویں جماعت سے 12ویں جماعت تک کے ہائرسیکنڈری سکولوں کو تدریسی عمل کیلئے کھولا گیا ہے ۔
 

تازہ ترین