پلوامہ سرکیولر روڑ پر بارودی سرنگ دھماکہ

کپوارہ جنرل بس اڈہ سے ہتھ گولہ بر آمد

تاریخ    6 مارچ 2021 (00 : 01 AM)   


سید اعجاز+اشرف چراغ
پلوامہ +کپوارہ//پلوامہ سرکیولر روڑ پر جمعہ کی سہ پہر ایک طاقتور بارودی سرنگ دھماکہ ہوا جبکہ کپوارہ جنرل بس سٹینڈ میںایک گرینیڈ پایا گیا۔سہ پہر 5بجکر 10 منٹ پر پلوامہ شوپیان سرکیولر روڑ پر ٹینگہ پونہ کراسنگ کے نزدیک وومنز کالج پلوامہ کے بالمقابل ایک زیر تعمیر شاپنگ کمپلیکس کے ساتھ ہی سڑک پر موجود اینٹوں میں جنگجوئوں نے باردودی سرنگ رکھی تھی جو زوردار دھماکے سے پھٹ گئی جس سے ایک خالی دکان کو تھوڑا نقصان ہوا۔تاہم اسکی زد میں کوئی شہری یا فورسز اہلکار نہیں آیا۔اس موقعہ پر فورسز اہلکاروں نے ہوا میں چند فائر بھی کئے۔ واقعہ کے فوراً بعد اس جگہ کی ناکہ بندی کی گئی اورمزید کسی ممکنہ بارودی شے کے موجود ہونے کے شبہ کے پیش نظر تلاشی لی گئی۔کچھ دیر کیلئے یہاں گاڑیوں کی آمد و رفت معطل کی گئی تاہم بعد میں صورتحال معمول پر آگئی۔یہ بارودی زرنگ سڑک کے ساتھ ہی نصب کی گئی تھی لیکن کوئی نقصان نہیں ہوا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ اس کراسنگ پر رات اور دن 24گھنٹے سیکورٹی فورسز اور پولیس موجود رہتے ہیں۔ادھر کپوارہ ٹائون میں بس سٹینڈ میں جمعہ کے روز جو ں ہی دکاندارو ں نے اپنی دکانیں کھولنی شروع کیں تو ایک ریسٹورنٹ کے نزدیک ہتھ گولہ دیکھا گیا جس کے بعد وہاں افرا  تفری مچ گئی اور لوگ فرار ہوئے۔فوری طور پرپولیس کو اطلا ع دی گئی جنہوں نے گرینیڈ کو ناکارہ بنانے والی ٹیم طلب کی اور گرینیڈ کو نکارہ بنایا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جمعہ کی صبح بس اڈہ کپوارہ سے ایک گرینیڈ بر آمد کیا گیاجو زنگ آلودہ تھااور اس سے کسی بھی قسم کا کوئی بھی خطرہ نہیں تھا  ۔پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات شروع ہو چکی ہے۔

تازہ ترین