تازہ ترین

خانیار سے حضرتبل سڑک پھر کھنڈرات میں تبدیل | ایک سال قبل بچھایاگیا میگڈم اُکھڑ گیا، عوام کو سخت پریشانیوں کا سامنا

تاریخ    6 مارچ 2021 (00 : 01 AM)   


پرویز احمد
سرینگر //خانیار سے حضرت بل تک جانے والی سڑک ایک مرتبہ پر کھنڈرات میں تبدیل ہوگئی ہے جس کے سبب عوام اور ٹرانسپورٹروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ نگین حضرت بل کے لوگوں کاکہنا ہے کہ 2017میں ڈرینیج کی تعمیر کیلئے سڑک کی کھدائی کی گئی اور 3سال بعد 2020میں سڑک پر میگڈم بچھایا گیا ۔ لوگوں کاکہنا ہے کہ نومبر میں بچھایا گیا میگڈم صرف 3ماہ بعد ہی پانی میں بہہ گیا اور اب سڑک پر صرف بجری اور کھڈے موجود ہیں۔ مقامی شہری محسن احمدنے بتایا کہ نگین میں سڑک پر اتنے کھڈے پیدا ہوگئے ہیں کہ وہ راہگیروں کے علاوہ گاڑیوں میں سفر کرنے والے لوگوں کو بھی سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے۔ کاٹھی دروازہ سرینگر کے رہنے والے محمد رفیق کاکہنا ہے کہ ’’ اکتوبر اور نومبر میں میگڈم بچھانے کے چند دنوں بعد ہی سڑک پر کھڈے پیدا ہونا شروع ہوگئے لیکن سخت برف باری کی وجہ سے میگڈم بچھانے کے چند دنوں بعد ہی سڑک کھنڈرات کی تصویر پیش کررہی ہے۔ نگین کے لوگوں نے سرکار سے اپیل کی ہے کہ وہ خانیار سے حضرتبل جانے والی سڑک پر معیاری میگڈم بچھانے کے احکامات صاد کریں تاکہ عوام کو راحت نصیب ہوسکے۔