’کھیلوانڈیا‘ سرمائی کھیلوں کاتیسراایڈیشن بھی گلمرگ کواَلاٹ | جموں کشمیر نے طلائی کے11،چاندی کے18اور کانسی کے5میڈل حاصل کئے

تاریخ    3 مارچ 2021 (00 : 01 AM)   
(عکاسی: مبشرخان)

سپورٹس ڈیسک
سرینگر// ’کھیلوں انڈیا‘ سرمائی کھیلوں کا تیسرا ایڈیشن بھی گلمرگ میں ہی منعقد ہوگا اور گلمرگ کو اولمپک کھیلوں کیلئے کھلاڑیوں کو تیار کرنے کی نرسری بنایا جائے گا۔ اس بات کا اظہاریوتھ سروسزاینڈ سپورٹس کے پرنسپل سیکریٹری آلوک کمار نے  ’کھیلوانڈیا‘سرمائی کھیلوں کے دوسرے ایڈیشن کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اختتامی تقریب کی شروعات خوشبوں’اسبند‘جلانے سے ہوئی۔اس موقعہ پریوتھ سروسزاینڈ سپورٹس کے پرنسپل سیکریٹری آلوک کمار نے گلمرگ کوخوبصورت مقام قرار دیتے ہوئے کہا کہ کھیلوانڈیاسرمائی کھیلوں کو تیسرا ایڈیشن بھی گلمرگ میں ہی منعقد ہوگا۔انہوں نے تمام کھلاڑیوں کو مبارکباد دی جواُن ریاستوں سے آئے تھے جہاں برف نہیں گرتی اوربہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔انہوں نے اُن کھلاڑیوں کوبھی نیک خواہشات پیش کیں جنہوں نے ان کھیلوں میں کوئی اعزازحاصل نہیں کیااورانہیں اگلی کھیلوانڈیا سرمائی کھیلوں میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی تاکید کی۔آلوک کمار نے کہا کہ کھلیوں انڈیاسے یکجہتی کی روح پیداہوتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ گلمرگ کو کھیلوں کا مرکز اوراولمپک کھیلوں کیلئے کھلاڑیوں کو تیار کرنے کی نرسری بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ گلمرگ کو قومی سطح کا بہترین مرکز قرار دیاگیا ہے جبکہ 20دیگر اضلاع میں کھیلوں کے40مرکز قائم کئے جائیں گے ۔انہوں نے جموں کشمیر سپورٹس کونسل اور دیگر انجمنوں کو یہ کھیل کامیابی کے ساتھ منعقد کرانے کیلئے مبارکباد دی ۔اس موقعہ پرہائی آلٹی چیوڈ وارفیئر اسکول گلمرگ کے کمانڈرمیجرجنرل آر کے سنگھ ،ناظم سیاحت غلام نبی ایتو،سیکریٹری  یوتھ جموں کشمیر سپورٹس کونسل نزہت گل،صدر سرمائی کھیل انجمن،صدرہوٹلیئرس انجمن گلمرگ،متعددکھیل انجمنوں کے صدور،حکام ،کھلاڑی اور سیاح موجود تھے۔ کھیلوانڈیا سرمائی کھیلوں کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی کاخیرمقدم کرتے ہوئے سیکریٹری جموں کشمیر سپورٹس کونسل نزہت گل نے کہا کہ نئے پرنسپل سیکریٹری کی سرپرستی میں محکمہ کامیابی کی نئی بلندیوں کو چھوئے گاتاکہ جموں کشمیر ملک کا کھیلوں کا  بہترین مقام بن جائے ۔انہوں نے کہا کہ ان کا محکمہ تمام قسم کی کھیلوں کو فروغ دینے کیلئے کسی بھی موقع کو ضائع نہیں ہونے دے گا۔اس موقعہ پرمتعددتمدنی پروگرام جموں کشمیر کلچرل محکمہ کے ینبرزل ٹروپ نے پیش کئے ۔اس کے علاوہ عابد علی،زاہدہ ترنم،نے نغمے پیش کئے اورسامعین کو محظوظ کرنے کیلئے بالی ووڈ کی فلموں کے گیت بھی فنکاروں نے پیش کئے۔مہمان خصوصی اور دیگر مہمانوں  نے مختلف کھیلوں میں فتح حاصل کرنے والوں کو میڈل عطا کئے ۔اس دوران سرمائی کھیلوں کی انجمن کے صدرعباس وانی نے انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا جس نے ان کھیلوں کو احسن طریقے سے منعقدکرانے کیلئے بھر پور تعاون دیا۔ان کھیلوں کے دوران جموں کشمیر نے 11طلائی تمغے حاصل کئے جبکہ چاندی کے18اورکانسی کے 5تمغے بھی جموں کشمیرکوحاصل ہوئے۔اس کے بعد کرناٹک کے زب سے زیادہ طلائی کے 5،چاندی کے3اور کانسی کے2میڈل حاصل کئے جبکہ اتراکھنڈ نے طلائی کے 3،چاندی کاایک اور کانسی کے3تمغے حاصل کئے جبکہ ہماچل پردیش کو  طلائی کے2،چاندی کے2اورکانسی کے4تمغے حاصل ہوئے۔آندھراپردیش کو طلائی کا ایک،چاندی کا ایک،اور کانسی کے دو تمغے ملے جبکہ دہلی کو طلائی کاایک ،چاندی کے دواور کانسی کے دوتمغے حاصل ہوئے۔پنجاب کو طلائی کاایک اور کانسی کے دو تمغے حاصل ہوئے جبکہ رجستھان اورچندی گڑھ کودودوکانسی کے تمغے ملے ۔ہریانہ نے ایک چاندی  اور ایک کانسی کامیڈل جیت لیا جبکہ اڑیشہ کو ایک کانسی کا تمغہ ملا۔
 

تازہ ترین