تازہ ترین

سنگھ پورہ پٹن میں بجلی اور پانی کی عدم دستیابی

سرینگر بارہمولہ شاہراہ پر احتجاج، ٹریفک معطل

تاریخ    2 مارچ 2021 (00 : 01 AM)   


فیاض بخاری
بارہمولہ // باغوان پورہ سنگھ پورہ پٹن میں مقا می لوگوں نے بجلی اور پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی کے خلاف محکمہ پی ڈی ڈی اور جل شکتی کے خلاف احتجاجی دھرنا دیا  جس کے نتیجے میں سرینگر بارہمولہ شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل متاثرہ ہوئی ۔ احتجاجی مظاہرین کا کہنا تھا کہ علاقے کا بجلی ٹرانسفارمر کئی ہفتے قبل خراب ہوا ، جس کے بعد اُسے  مرمت کے لئے ورکشاپ لیجایا گیا ،لیکن ابھی تک مذکورہ ٹرانسفارمر کو واپس نہیں لایا گیا جس کے نتیجے میں مقامی آبادی گھپ اندھیرے میں ہے ۔ صارفین نے سوموار کو صبح 9  بجے مین بازار سنگھ پورہ میں سرینگر بارہمولہ شاہرا پر احتجاجی دھرنا دیا جس کی وجہ سے مسافر خاص کر ملازمین ٹریفک جام میں پھنس گئے ۔ احتجاج میں بچوں کے ساتھ نوجوان اور خواتین بھی شامل تھیں، نے کہا کہ علاقے میں بجلی ٹرانسفارمر ناکارہ  ہونے سے وہ برقی رو سے محروم ہیں جس کے نتیجے میں صارفین اور طلاب کو سخت مشکلات درپیش ہیں ۔  مظاہرین کا مزیدکہنا تھا کہ ا ن کے دیہات کوپانی کی بوند بوند کیلئے بھی ترسنا پڑتا ہے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ یہاں کی آبادی کو نالوں کا گندہ پانی استعمال کرناپڑتا ہے جس سے کئی طرح کی بیماریاں پھیلنے کا اندیشہ ہے ۔ اس دوران ایس ڈی ایم پٹن موقع پر پہنچے اور مظاہرین کو یقین دلایا کہ وہ اس معاملے کو فوری طورحل کریں گے جس کے بعد مظاہرین پُرامن طور منتشر ہوئے ۔
 

باباریشی ٹنگمرگ میںبجلی رسیونگ اسٹیشن قائم کرنے کا مطالبہ

ٹنگمرگ//مشتاق الحسن // بجلی کی ناقص سپلائی سے چھٹکارہ پانے کیلئے باباریشی ٹنگمرگ کے لوگوں نے علاقہ کیلئے علیحدہ رسیونگ اسٹیشن قائم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔باباریشی تا نمبلنار، نلہ سر،وانیلو،حاجی بل، شالہ گام، باٹو فجہ پورہ، وارہ پورہ کے لوگوں نے ان علاقوں کو گلمرگ رسیونگ اسٹیشن کے بجائے  علاقے کیلئے علیحدہ رسیونگ اسٹیشن قایم کرکے  بجلی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ سماجی کارکن محمد یوسف وانی نے کشمیر عظمیٰ کو بجلی کی ابتر صورت کی روداد سناتے ہوئے کہا کہ اگرچہ بابا ریشی علاقے کو گلمرگ رسیونگ اسٹیشن سے بجلی فراہم کی جارہی ہے، تاہم موسم سرما میں بھاری برف باری کے باعث علاقہ بابا ریشی ہفتوں بجلی سے محروم رہتاہے جس کی وجہ لوگوں کو زبردست مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ علاقہ بابا ریشی کے عوام نے متعدد بار اعلی حکام سے  علاقے کیلئے الگ بجلی رسیونگ اسٹیشن قائم کرنے کی مانگ کی ، تاہم آج تک محکمہ بجلی اور صوبائی انتظامیہ نے  اُن کے مانگ پر کوئی غور نہیں کیا ۔انہوں نے بابا ریشی علاقہ میں بجلی ریسونگ اسٹیشن قایم کرنے کے لیے ایل جی انتظامیہ سے مداخلت کی اپیل کی ہے۔