تازہ ترین

مزید خبریں

تاریخ    28 فروری 2021 (00 : 01 AM)   


ہندو پاک مذاکرات امن کی کلید:ہانجورہ

سرینگر// پی ڈی پی کے جنرل سیکریٹری غلا م نبی لون ہانجورہ  نے حد متارکہ پر جنگ بندی معاہدے کے نظام کو سخت بنانے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی پی کا اس بات پر قومی یقین ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعاون،مذاکرات اور صلاح برصغیر میں امن و خوشحالی کی کلید ہے۔ بڈگام میں پارٹی کارکنوں اور لیڈروں سے خطاب کرتے ہوئے غلام نبی لون ہانجورہ نے کہا کہ ہند پاک کے درمیان نا خوشگوار حالات کا سب سے زیادہ خمیازہ جموں کشمیر کے لوگوں کو ہی بھگتنا پڑتا ہے،اور اس خطے کے لوگ چاہتے ہیں کہ جموں کشمیر دونوں ملکوں کے درمیان امن کا پل ثابت ہو۔ میٹنگ کے دوران محبوبہ مفتی کو ایک بار پھر پارٹی کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی گئی اور اس بات کی امید ظاہرکی گئی کہ وہ پارٹی کو مزید مضبوط و مستحکم بنائیں گی۔
 
 

ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کاخیرمقدم

سرینگر//جموں وکشمیر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے ہندپاک کی طرف سے حد متارکہ پر سختی کے ساتھ جنگ بندی معاہدے کی پاسداری کرنے کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ جموں و کشمیر کے عوام کی جائز توقعات کے عین مطابق ہے۔ ایڈووکیٹ نذیر احمد رونگا کی زیرصدارت بار کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ایک اجلاس میں جنگ بندی معاہدے کو سختی کے ساتھ عملانے اور لائن آف کنٹرول پر اس کی عمل درآمدپر تبادلہ خیال کیا گیا ۔اجلاس کے دوران ہندوستان اور پاکستان کے شروع کردہ امن عمل کی حمایت کرکے اس کا خیر مقدم کیا گیا۔اجلاس میں کہا گیا کہ مسئلہ کشمیر کا حل امن عمل کی کامیابی کی کلید ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک پرامن ذرائع سے مسئلہ کشمیر کو حل کرنے اور مسئلہ کشمیر کا حل تلاش کرنے کے لئے ایک مستحکم اور پائیدار بات چیت کا عمل شروع کریں گے۔بیان میں کہا گیا ’’ہم جموں و کشمیر کے عوام ہر سطح پر مطلوبہ امن عمل میں شراکت دار بننا چاہیں گے۔‘‘
 
 

سیاسی مصلحتوں کے تحت دوستی دشمنی کا کھیل :عوامی اتحاد پارٹی

سرینگر//نظر بند انجینئررشید کی قیادت والی عوامی اتحاد پارٹی نے ہندپاک کے جنگ بندی معاہدے پرسختی سے عمل کرنے کے فیصلے کی سراہنا کرتے ہوئے موجودہ صورتحال اور دونوں ممالک کے ہمیشہ بدلتے سیاسی موقف پر انگلی اُٹھاتے ہوئے برہمی کااظہار کیا ہے۔ایک بیان میں پارٹی نے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنزسطح کے جنگ بندی کے فیصلے کاخیرمقدم کیااوراِسے حدمتارکہ کے دونوں اطراف کشمیریوں کیلئے راحت سے تعبیر کیالیکن دونوں اطراف سے عیاں دورخی پالیسی کی مذمت کی۔بیان میں کہا گیا ہے کہ جنگ بندی معاہدے کے خلاف کوئی نہیں ہے لیکن پاکستان اور بھارت اپنی سیاسی مصلحتوں کی بناپردوستی اور دشمنی کاجو کھیل کھیل رہے ہیں ،اس پر سوال کیا جائے گا۔پارٹی ترجمان شیبان عشائی نے کہا کہ دونوں پاکستان اور بھارت کو کشمیر معاملے پرکچھ سیاسی استحکام کا مظاہر ہ کرنا چاہیے اور اُن کی سیاست نے کشمیریوں کو سیاسی اور اقتصادی طور چوس لیا ہے ۔عشائی نے دونوں ممالک کے موقف پر سوال اُٹھایا اور کہا کہ پاکستان کے وزیراعظم نے خوداعلان کیاتھا کہ جب تک دفعہ370اور35Aکوبحال نہیں کیا جاتا،بھارت کے ساتھ کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے ۔اب کیسے یہ تبدیلی ہوئی ہے؟انہوں نے مودی حکومت کے اس مسلسل بیانیہ کہ پاکستانی زیرقبضہ کشمیر کوواپس حاصل کیا جائے گا،کاکیا ہوا؟عشائی نے دونوں ممالک کی سیاسی جماعتوں پرمسئلہ کشمیر کو اپنے داخلی سیاست کیلئے استعمال کرنے کا الزام لگایا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں اطراف نے کشمیریوں کی جدوجہد کو1947سے اپنے مفادات کیلئے استعمال کیا۔
 
 

اقبال مارکیٹ سوپور میں 2دکانوں کا صفایا

سوپور // غلام محمد// سوپور میں نقب زنی کی وارداتوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور جمعہ اور سنیچروار کی درمیانی شب کو چوروں نے دودکانوں کاصفایا کرنے کے علاوہ مزید دودکانات کے شٹر توڑ دیئے۔اکنامک الائنس سوپور نے قصبے میں چوری کی مسلسل وارداتوں پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے پولیس اور انتظامیہ سے قصبے میں نقب زنی کی وارداتوں پر قدغن لگانے کیلئے ٹھوس اقدام کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔اطلاعات کے مطابق جمعہ اور سنیچروار کی درمیانی شب کو چوروں نے قصبہ کے اقبال مارکیٹ میں ایک ریڈی میڈ دکان اور ایک اون کی دکان میں نقب لگائی اور ہزاروں روپے مالیت کے سامان کے علاوہ نقدی بھی اُڑالی۔پرائیڈ وومنزاوریونیک وول کلکشن نامی دکانوں کاصفایا کرنے کے علاوہ اسی مارکیٹ میں چوروں نے مزید دودکانات میں چوری کرنے کی کوشش کی لیکن وہ ناکام رہے اور صرف ان کے شٹر ہی توڑ سکے۔اکنامک الائنس سوپور کے جنرل سیکریٹری محمد اسماعیل کھورو نے متاثرہ دکانداروں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور قصبے میں چوری کی بڑھتی وارداتوں پر تشویش کااظہار کیا۔انہوں نے ضلع انتظامیہ اور پولیس سے چوری کی وارداتوں پرقدغن لگانے کیلئے ٹھوس اقدام کرنے کی اپیل کی،تاکہ تاجروں کوراحت ملے۔اس دوران پولیس نے موقعہ پرپہنچ کرچوری شدہ دکانات کا جائزہ لیااور کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی۔
 
 

بانڈی پورہ میں گردوارے میں نقب زنی

چور آ ہنی سیف توڑ کر رقم اُڑالے گئے 

سرینگر// عازم جان//نو پورہ بانڈی پورہ میں چوروں نے گردوارے  کے سیف کوتوڑ کروہاں جمع عطیہ کی رقم پر ہاتھ صاف کیا۔پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق چور گرودوارہ میں داخل ہوئے اور نقدی سے بھری لوہے کی سیف کو توڑ کر اس میں موجود رقم لوٹ لی اورفرار ہوگئے۔ ذرائع نے بتایا کہ گوردوارہ کے داخلی راستے کا تالا ٹوٹا ہوا پایا جانے کے بعد پولیس کو واقع کی اطلاع دی گئی۔ان کا کہنا تھا کہ اطلاع ملنے کے فورا بعد ایف ایس ایل کی ٹیم کے ساتھ بانڈی پورہ پولیس اسٹیشن کی پولیس ٹیم موقع پر پہنچی۔اس سلسلے میں پولیس نے دفعہ 457،380 آئی پی سی کے تحت ایف آئی آر نمبر 22/2021 کے تحت مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔
 
 
 

درجہ چہارم اسامیوں کا امتحان

تین امیدوار نقل کرتے ہوئے پکڑے گئے

جموں//جموں کشمیر بھرتی بورڈ نے درجہ چہارم اسامیوں کیلئے سنیچروار دوپہر بارہ بجے سے دو بجے تک اوبجیکٹو ٹائپ تحریری امتحان کا پہلا مرحلہ منعقد کیا ۔ اس ضمن میں یہاں جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امتحانی ڈیوٹی پر تعینات افسران نے تین اُمیدواروں کو امتحان میں نقل کرتے ہوئے پکڑا ۔ ان امیدواروں کے پاس بلیو ٹوتھ اور دیگر الیکٹرانک ساز و سامان تھا، جو انہوں نے چوری چھپے اپنے ساتھ لایاتھا ۔ درجہ چہارم اسامیوں کے لئے تحریری امتحان میں نقل کرنے والے ان امیدواروں کو گورنمنٹ گرلز ہائی سکینڈری سکول ریہاڑی جموں ، آر پی سکول علمدار کالونی لال بازار سرینگر  اور کشمیر یونیورسٹی حضرت بل سرینگر میں نقل کرتے ہوئے پکڑاگیا ۔ بھرتی بورڈ نے امتحانات میں شفافیت اور غیر جانبداری برتنے کیلئے ان تین امیدواروں کو تین سال تک جموں کشمیر بھرتی بورڈ کی جانب سے کسی بھی امتحان میں شامل ہونے نہیں دیا جائے گا ۔ اس کے علاوہ وہ تمام امیدوار جو 28 فروری 2021 مرحلہ دوم اور یکم مارچ 2021 مرحلہ سوم کے امتحان میں شرکت کرنے والے ہیں ،سے کہا گیا ہے کہ وہ کسی بھی غیر قانونی حرکت سے گریز کریں نہیں تو ان کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی ۔
 
 
 

بجلی کی عدم دستیابی

شاہ محلہ ترہگام میں عوام کو مشکلات کا سامنا 

اشرف چراغ 
کپوارہ//شاہ محلہ ترہگام میں بجلی کی عدم دستیابی کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کاسامنا کرنا پڑتا ہے ۔بستی کے لوگو ں کا کہنا ہے کہ ایک ہفتہ قبل یہا ں بجلی ٹرانسفارمر خراب ہو چکا ہے جس کی وجہ سے بستی7روز سے گھپ اندھیرے میں ڈوب چکی ہے ۔لوگو ں کا کہنا ہے کہ 7روز گزر نے کے با جود بھی بجلی ٹرانسفارمر کو ٹھیک نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔مقامی لوگو ں نے محکمہ بجلی کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ شاہ محلہ کے بجلی ٹرانسفارمر کو فوری طور ٹھیک کیا جائے ۔
 
 
 

کورونا وائرس کے دوران مثالی خدمات

یتیم فاؤنڈیشن کو تعریفی ایوارڈ سے نوازا گیا
سرینگر//یتیم فائونڈیشن کو عالمی یومِ سماجی انصاف اور این جی اوز کے موقع پر جموں و کشمیر میں کولاک ڈاؤن کے دور میں مثالی عوامی خدمات انجام دینے کے لئے اعزاز سے نوازا گیا۔جموں کشمیر ہائی کورٹ کے جج جسٹس علی محمد ماگرے نے ڈاک بنگلہ بارہمولہ میں منعقدہ ایک تقریب پرفائونڈیشن کے چیئرمین محمد احسن راتھر کو یتیم فائونڈیشن کی جانب سے کووڈ 19کے دوران مشکلات کے شکار لوگوں کی امداد و اعانت کرنے کیلئے تعریفی ایوارڈ پیش کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بارہمولہ اعجاز اسد ، ایس ایس پی بارہمولہ عبد القیوم اور دیگر معززین موجود تھے۔فائونڈیشن کے رضاکاروں نے جموں و کشمیر لیگل سروسز اتھارٹی نے ہیومن ایڈ سوسیائٹی کشمیر کے اشراک سے پروگرام منعقد کیا تھا۔
 
 
 

 حضرت شیخ احمد تاربلیؒ کے عرس پر تقریب

سرینگر// حضرت شیخ احمد تاربلی ؒ کے عرس کی اختتامی تقریب عقیدت کے ساتھ منائی گئی۔ اس سلسلے میں اُن کے آستانِ عالیہ واقعہ تارہ بل نواکدل میں 14روز کے دوران ختمات المعظمات، درور و اذکار اور مولود خوانی کی روح پرور مجلس کا انعقاد ہوا۔بقعہ عالیہ کے سجادہ نشین  فیاض احمد عاصمی نے تقریب کی صدارت کی جبکہ مولود خوانی کی پیشوائی میر بشارت احمد نے کی اور عالم الدین مولانا شوکت حسین کینگ نے حضرت شیخ احمد تاربلیؒ کی سیرت ، روحانی اور عملی کمالات پر روشنی ڈالی۔وادی کے اطراف واکناف سے آئے ہوئے عقیدتمندوں نے تقریب میں شرکت کی۔ اِس موقعہ پر عالم اسلام کی سربلندی کیلئے دعا کی گئی ۔ 
 
 

 مولاناحامی کو صدمہ، والدمحترم انتقال کرگئے

مذہبی،سیاسی اور سماجی جماعتوں کا اظہار تعزیت

ارشاد احمد
گاندربل//کاروان اسلامی کے سربراہ مولانا غلام رسول حامی کے والد حاجی غلام قادر شیخ سنیچر کو انتقال کرگئے ۔اُن کی عمر 80برس تھی۔اُن کی نماز جنازہ میں لوگوں کی بھاری تعداد نے شرکت کی جن میں مذہبی، سیاسی، سماجی، تجارتی اور مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے افراد شامل تھے۔انہیں آبائی گاؤں بونہ زل ہاری پورہ گاندربل کے قبرستان میں سپرد خاک کیاگیا ۔اس سلسلے میں کئی مذہبی،سیاسی اورسماجی تنظیموں نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت کیلئے دعا کی ہے۔مسلم پرسنل لاء  بورڈ کی جانب سے مفتی اعظم جموں وکشمیر مفتی ناصرالاسلام کی ہدایت پر ایک تعزیتی اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں مفتی اعظم نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ’میں اس صدمے میں لواحقین کے غم میں شریک ہوں اور اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ مرحوم کو اللہ تعالیٰ جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق ہو‘۔ حقانی میموریل ٹرسٹ کے سرپرست اعلیٰ سید حمید اللہ حقانی اور جنرل سکریٹری بشیر احمدڈار نے انکی وفات پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔ ٹرسٹ کے جملہ عہدیداران و اراکین ، ٹرسٹ کے ساتھ منسلک ادارے ، تحریک اسلامی جموں وکشمیر، ابن حقانی یوتھ فانڈیشن ، دارلعلوم حقانیہ سویہ بگ ، دارلعلوم فیضان مدینہ آروہ بیروہ، دارالعلوم قریشیہ شیری بارہمولہ ،دارالعلوم سلطان العارفین ترچھل پلوامہ ، دارلعلوم شاہ ولی اللہ ست بونن کپوارہ اور دارالعلوم لبیک یا رسول اللہؐ سوپور کے منتظمین نے غمزدہ خاندان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ انجمن شرعی شیعیان کے صدرآغا سید حسن نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے لواحقین بالخصوص مولانا غلام رسول حامی سے تعزیت کی ۔آغا حسن نے کہا کہ مرحوم ایک صالح اور دین دار شخصیت تھی ۔انہوں نے مرحوم کی جنت نشینی اور بلند درجات کیلئے دعا کی۔ نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈرمیاں الطاف احمد نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ایک بیان میں میاں الطاف نے مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کے لئے دعا کی ہے اور سوگوار خاندان سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔میاںالطاف نے کہا ’’میں غم کی اس گھڑی میں غمزدہ کنبہ کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہوں اور اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہوں کہ وہ اس ناقابل تلافی نقصان کو سوگوار لواحقین کو برداشت کرنے کی ہمت عطا کرے‘‘۔جموں کشمیر سیول سوسائٹی فورم کے چیئرمین عبدالقیوم وانی نے غمزدہ خاندان بالخصوص مولانا حامی کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے مرحوم کی مغفرت اور پسماندگان کیلئے  صبر جمیل کی دعا کی ہے۔
 
 
 
 

 سرینگر کیلئے6کارڈی نیٹر مقرر

سرینگر//جموںوکشمیر اپنی پارٹی نے ہفتہ کے روز پہلے مرحلہ کے تحت سات تقرریوں کے ساتھ سرینگر کے لئے ضلع اکائی کا اعلان کیا ہے۔ تعیناتیوں کی تجویز صوبائی صدر کشمیر محمد اشرف میر نے ضلع صدر سرینگر نور محمد شیخ کے مشورہ سے پیش کی تھی اور اِس کا اعلان پارٹی صدر الطاف بخاری کی منظوری کے بعد کیاگیا ۔ محمد شفیع میر اور نور محمد خان کو پارٹی کا نائب صدر جبکہ جیلانی کمار کو سیکریٹری مقرر کیاگیاہے۔ پیر وجاہت نبی خاکی اور محمد مقبول ہنگ کو جوائنٹ سیکریٹری اور تنبیر سنگھ سوڈھی کو ضلع اکائی کا کارڈی نیٹر بنایاگیاہے۔ پرویز احمد ضلع آرگنائزر ہوں گے۔ دریں اثناء پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری نے ضلع سرینگر کے چھ زونل کارڈی نیٹروںکی تقرری کو بھی منظوری دی ہے۔ اعجاز احمد راتھر امیرا کدل، ریاض احمد بٹ سونہ وار، محمد اشرف بٹہ مالو، شوکت احمد میر جڈی بل ، محمد یٰسین چوڑی ساز خانیار اور عبدالحمید حضرت بل زون سے پارٹی کارڈی نیٹر ہوں گے۔لسجن اور نوا بازار سے سرکردہ سیاسی کارکنان نے ہفتہ کے روز لالچوک سرینگر میں منعقدہ تقریب کے دوران اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ لسجن سے محمد عبداللہ، لطیف احمد ٹھاکر، نعمان نذیر، عمر ٹھاکر اور عمر فاروق جبکہ نوا بازار سے نیشنل کانفرنس کے سابق صوبائی کنوئنر تنویر احمد اور سابق کارپوریٹر نذہت تنویر اپنی پارٹی کا حصہ بنے۔ اس تقریب میں اپنی پارٹی کے صوبائی صدر محمد اشرف میر، میڈیا ایڈوائزر فاروق اندرابی، ضلع صدر سرینگر نور محمد شیخ، ڈی ڈی سی چیئرپرسن سرینگر ملک آفتاب، جنرل سیکریٹری اپنی پارٹی یوتھ ونگ مظفر ریشی، کارڈی نیٹر امیرا کدل اعجاز راتھر، صوبائی صدر یوتھ ونگ کشمیر خالد راٹھور اور پارٹی لیڈر جاوید جنید موجود تھے۔ صوبائی صدر نے نئے ساتھیوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ اپنی پارٹی جموں وکشمیر کی یکساں تعمیرو ترقی کے لئے وعدہ بند ہے اور لوگوں کی فلاح وبہبودی کے لئے تمام اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ اپنی پارٹی کھوکھلے نعرؤں پر یقین نہیں رکھتی جیسا دیگر سیاسی جماعتوں نے ماضی میں کیا ہے۔ اس موقع پر نئے ساتھیوں نے ایسا سیاسی پلیٹ فارم فراہم کرنے کی غرض سے پارٹی لیڈرشپ کا شکریہ ادا کیا۔ 
 
 

یوم ولادت ِحضرت علی ؑ سوناواری میں محفل مشاعرہ 

سرینگر// اندر کلچرل فورم سوناواری کے زیر اہتمام کربلائی گروپ اڈینہ سوناواری کے اشتراک سے ایک محفل مشاعرہ کا انعقاد ہوا۔ مشاعرے میں وادی کے ممتاز شعرااور ادباء نے امام عالی مقام علیہ السلام کو خراج عقیدت پیش کیا۔ فورم کے صدر سلیم یوسف چلکی نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ امام عالی مقام علیہ السلام کی اخوت اور شجاعت کا آج تک کوئی ثانی پیدانہیں ہوا اور نہ آئندہ ہوگا۔ محفل کی صدارت وادی کے مشہور قلمکار عرفان ترابی نے کی جبکہ نظامت کے فرائض شوکت شہباز نے انجام دئے۔ مشاعرے میں عرفان ترابی، سید عباس جوہر، سید اختر منصور، کفایت فہیم، سید شاداب، شوکت شہباز، توفیق طالب، ضمیر انصاری، میر شبیر، سید اسد اللہ صفوی، دلشاد مصطفی، ابراہیم سمبلی، یوسف ثانی، غلام حسن حسن، گلفام اور غلام حسین حقنوازوغیرہ شامل ہوئے۔
 

ڈاکٹر فاروق کااظہار تعزیت

سرینگر// نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے محمد یوسف بٹ (گزروان) ساکن گپکار روڑ سونہ وار کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے اور مرحوم کے جملہ سوگواران کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا اور اُن کی جنت نشینی اور بلند درجات کیلئے دعاکی ۔ادھر پارٹی کے شمالی زون صدر و رکن پارلیمان ایڈوکیٹ محمد اکبر لون اور ضلع صدر میر غلام رسول ناز نے پارٹی کے دیرینہ رکن مرحوم غلام محمد صوفی(بانڈی پورہ) کے نوجوان فرزند ارشد احمد صوفی کے سڑک حادثے میں لقمہ اجل ہونے پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مرحوم کے جملہ سوگوران کے ساتھ تعزیت کی ہے اور مرحوم کی جنت نشینی اور بلند درجات کیلئے دعا کی۔
 
 
 
 

انجمن علماء کی جانب سے بڈگام ضلع کیلئے تقرریاں

سرینگر//انجمن علماء وائمہ مساجد جموں وکشمیرکے امیر حافظ عبد الرحمان اشرفی نے ضلع بڈگام میں انجمن کومزید فعال اور مضبوط بنانے کے لئے معروف عالم دین مفتی عبدالنور امام وخطیب جامع مسجد ایئرپورٹ بڈگام کی بطور صدر ضلع بڈگام اور مولانا محمد خضر بڈگام کی بطور سکریٹری تقرریوں کو منظوری دی۔ انہوں نے کہا کہ انجمن علماء امید کرتی ہے کہ آ ج کے بعد ضلع بڈگام میں مفتی عبدالنور اور مولانا محمد خضرعلماء و ائمہ مساجد کی خدمت کیلئے انجمن علماء کے نمائندوں کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں انجام دیتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہر ضلع میں انجمن علماء کے قائدین علماء وائمہ مساجدکی خدمت میں پیش پیش ہیں۔