تازہ ترین

شوپیان کے660 گھرانوں میں2640 پودے تقسیم

کسانوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے وعدہ بند:ناظم باغبانی

تاریخ    28 فروری 2021 (00 : 01 AM)   


سرینگر //ناظم باغبانی کشمیراعجاز احمد بٹ نے سنیچر کو شوپیاں اور پلوامہ کا دورہ کر کے وہاں مختلف منصوبوں کے تحت جاری ترقیاتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے زوورہ شوپیان کے مختلف علاقوں میں مختلف قسم کے پودوں کی تقسیم کاری کا آغاز کیا۔ ڈائریکٹر نے 660 گھرانوں میں خوبانی ، ناشپاتی ، سیب اور گلاس کے 2640 پودے تقسیم کئے ۔اس سلسلے میں چیف ہارٹی کلچر آفیسر شوپیان نے تقریب کا اہتمام کیا تھا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر موصوف نے کھریو علاقے میں کاشتکاروں کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کسانوں پر زور دیا کہ وہ محکمہ کی جانب سے شروع کی گئی تمام سکیموں کا فائدہ اٹھائیں ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ کسانوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کا وعدہ بند ہے ۔ چیف ہارٹی کلچر آفیسر کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اتمبھر بھارت مہم کے ایک حصے کے طور پر مائکرو فوڈ پروسیسنگ انٹرپرائزز (پی ایم ایف ایم ای) کی نئی شروع کی گئی اسکیم کے تحت فوائد سے متعلق مختلف ذرائع سے کاشتکاروں میں بیداری یقینی بنائیں ۔انہوں نے کسانوں پر زور دیا کہ وہ اپنے باغات میں ادویات کے چھڑکائو کے دوران محکمہ کے ساتھ صلاح ومشورہ کر کے ان سے رہنمائی حاصل کریں ۔بعد ازاں ڈائریکٹر نے رواں مالی سال کے دوران چیف ہارٹی کلچر آفس شوپیاں / پلوامہ کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ڈائریکٹر نے زور دے کر کہا کہ تمام اضلاع میں جاری ترقیاتی سکیموںکو صد فیصد مکمل کیا جائے ۔
 

تازہ ترین