تازہ ترین

گھانی منکوٹ :جہاں پرائمری سکول میں محض ایک ٹیچر تعینات

تاریخ    27 فروری 2021 (00 : 01 AM)   


جاوید اقبال
مینڈھر//تعلیمی زون منکوٹ کی سرحدی پنچایت گھانی میں واقع گورنمنٹ مڈل سکول کوٹ دھڑا کی حالت انتہائی ابتر ہے۔ اسکول میں 35 سے زائد بچے زیر تعلیم ہیں جن کو درس دینے کیلئے محض ایک ٹیچر کو تعینات رکھاگیاہے جبکہ ایک ای جی ایس کو اٹیچ منٹ پر رکھاگیاہے۔اسکول میں کوئی بھی بیت الخلا نہیں اور خالی دیواریں کھڑی کرکے پیسے ہضم کردیئے گئے ہیں جبکہ کچن خانہ بھی نہیں ہے اور نہ ہی پانی کا کوئی انتظام ہے جس کے نتیجہ میں طلاب کو مشکلات کاسامناکرناپڑرہاہے اور وہ کھلے عام رفع حاجت کرنے پر مجبور ہیں۔ مقامی لوگوں نے کہاکہ سکول کے بیت الخلا اور کچن کیلئے آئی رقومات کے تصرف پر تحقیقات کروائی جائیں اور یہ بتایاجائے کہ یہ رقومات کہاں خرچ ہوئی ہیں جب زمینی سطح پر کوئی کام ہی نہیں ہواہے۔مقامی سرپنچ محمد شفیق کاکہناہے کہ ایک ہی ٹیچر ہونے کی وجہ سے بچوں کی تعلیم بری طرح سے متاثر ہورہی ہے اور ان کا مستقبل تاریک ہوتاجارہاہے۔انہوں نے کہاکہ سرحدی علاقے میں پہلے ہی بچوں کو مختلف قسم کی مشکلات کاسامناکرناپڑتاہے اور اگر ٹیچر بھی ایک ہی ہوگاتو پھر معاملات زیادہ ہی پیچیدہ بن جاتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ متعدد مرتبہ حکام سے اس معاملے پر بات بھی کی گئی لیکن ان کو کوئی بھی پرواہ نہیں او ربچے دربدر ہورہے ہیں جن کو کسی دوسرے سکول میں داخل بھی نہیں کروایاجاسکتاکیونکہ یہاں کوئی متبادل ہی نہیں۔