شیخ نذیر احمد کی برسی ، مزارپر فاتحہ خوانی اور گلباری | نیشنل کانفرنس حقوق کی بحالی کی جدوجہد سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے گی: ساگر

تاریخ    25 فروری 2021 (00 : 01 AM)   


نیوز ڈیسک
سرینگر // نیشنل کانفرنس نے پارٹی رہنمامرحوم شیخ نذیر احمد کی برسی پر کئی تقاریب کا انعقاد کیا، جس میں مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیاگیا۔این سی کے ایک بیان کے مطابق سرینگر میںاُن کے مزار پر گلباری اور فاتحہ خوانی کی گئی ، جس میں پارٹی جنرل سکریٹری علی محمد ساگر سمیت کئی سینئر لیڈران، عہدیداروں اور کارکنان نے شرکت کی۔ساگرنے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ نیشنل کانفرنس جموں وکشمیر کے عوام کے احساسات اور جذبات کی ترجمانی اور مفادات کے تحفظ کے اپنے اصول پر قائم ہے اور یہ جماعت یہاں کے عوام کے حقوق کی بحالی کی جدوجہد سے کبھی بھی پیچھے نہیں ہٹے گی۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم شیخ محمد عبداللہ نے نیشنل کانفرنس کو ایک لائحہ عمل دیا ہے اور ہماری جماعت آج بھی اُن کے لائحہ عمل پر چل کر ہر صورت میں عوام کیلئے وقف ہے۔ان کا کہنا تھا کہ شیخ نذیر نے شیخ محمد عبداللہ کے اصولوں اور چھوڑے ہوئے نقوش پر کبھی بھی سمجھوتہ نہیں کیا اور ہر حال میں جماعت کی آبیاری کی۔انہوں نے کہا کہ شیخ نذیر نے زندگی کے مشکل ترین ادوار میںبھی اپنے آپ کو جماعت اور قیادت کے لئے وقف رکھا تھا۔اس موقع پر پارٹی لیڈران عرفان احمد شاہ، ایڈوکیٹ شوکت احمد میر، پیر آفاق احمد، سلمان ساگر، غلام نبی بٹ ،ضلع سرینگر کے بلاک صدور اور دیگر کارکنان بھی موجود تھے۔اُدھر شیر کشمیر بھون جموں میں مرحوم کے حق میں قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا جس میں مقامی دارالعلوم کے طلاب نے حصہ لیاجبکہ پارٹی کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفی کمال کی صدارت میں خراج عقیدت کی تقریب کا بھی انعقاد ہوا ۔
 

تازہ ترین