تازہ ترین

مہاراجہ بازار، چھانہ پورہ اور کائوڈارہ میں اچانک تلاشیاں

زینہ پورہ ،شوپیان،پانپور اور بیروہ میں کریک ڈائون

تاریخ    25 فروری 2021 (00 : 01 AM)   


ارشاد احمد +شاہد ٹاک
سرینگر +شوپیان// باغات چوک میں پولیس پر دن دھاڑے کئے گئے جنگجویانہ حملے کے بعد سیکورٹی  فورسز نے شہر سرینگر اور شوپیان و پلوامہ میں بڑے پیمانے پر تلاشیوں کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔سیکورٹی فورسز نے بدھ کی سہ پہر مہاراجہ بازار کی ناکہ بندی کی اور راہ گیروں کی جامہ تلاشیاں لیں۔مہاراجہ بازار  اور ہری سنگھ ہائی سٹریٹ میں دوپہر کے بعد بہت بھاری بھیڑ جمع رہتی ہے، جو خریداری کرتی ہے۔تاہم یہاں کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔ اس سے قبل ہری سنگھ ہائی سٹریٹ اور بڈشاہ چوک میں اسی طرح کی کارروائیاں انجام دی جاچکی ہیں۔اس دوران جنگجوئوں کی موجودگی کی  اطلاع ملنے پر اولڈ چھانہ پورہ میں بھی تلاشیوں کی کارروائی کی گئی جو مختصر وقت کیلئے جاری رہی۔عینی شاہدین کے مطابق پائین شہر کے نوا کدل،کائو محلہ خانیار،راجوری کدل،وانٹہ پورہ ، کاوئوڈارہ میں پولیس و دیگر فورسز کی ایجنسیوں نے اچانک ناکہ بندی کردی اور فورسز اہلکار اندرونی گلی کوچوں میں گھس گئے۔ اس دوران جو جہاں تھا اسے وہیں رہنے کیلئے کہا گیا اور بعد میں راہگیروں کی جامہ تلاشیاں لیں گئیں۔ادھر سوگن زینہ پورہ شوپیا ن کا بدھ کی صبح 44آر آراور 178بٹالین سی آر پی ایف کیساتھ پولیس کے خصوصی گروپ نے محاصرہ کیا اور گھر گھر تلاشی کارروائی کی۔ یہ کارروائی کئی گھنٹوں تک جاری رہی۔ سہ پہر کو34آر آر،14بٹالین سی آر پی ایف اور پولیس کے خصوصی دستوں نے رتنی پورہ شوپیان کا محاصرہ کیا اور تلاشی کارروائی کی۔ یہاں شام تک آپریشن جاری تھا۔اس دوران فوج کی فسٹ راشٹریہ رائفلز اور پولیس نے کولگام میں ایک چھاپہ مار کاروائی عمل میں لائی تاہم اس دوران کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ۔ بڈگام کے سعدی پورہ بیروہ میں بھی بدھ کو 53آر آر اور ٹاسک فورس نے محاصرہ کیا اور تلاشیاں لیں۔عینی شاہدین کے مطابق فوج اور فورسز نے مکینوں سے پوچھ تاچھ بھی کی تاہم قریب4 بجے پرمحاصرہ ختم کیا گیا۔ پانپور سے تین کلو میٹر دورلالپورہ گاؤں میں بھی بدھ کی صبح کو فوج نے محاصرہ کیا  اور گھر گھر تلاشی شروع کی تاہمبعد میں یہ تلاشی آ پریشن پرامن طور اختتا م پذ یر ہوا۔