تازہ ترین

شمالی ضلع کپوارہ میں بھی مردہ کووں میں برڈ فلو کی تصدیق

تاریخ    24 فروری 2021 (42 : 11 AM)   


نیوز ڈیسک
سرینگر//شمالی ضلع کپوارہ میں بھی مردہ کووں میں برڈ فلو کی تصدیق کے بعد حکام نے بدھ کو ضروری بچاﺅ اقدامات کا اعلان کیا ہے۔
ضلع کے کم سے کم تین مقامات سے حاصل نمونوں میں برڈ فلو کی تصدیق کے فوراً بعد ضلع مجسٹریٹ نے مذکورہ مقامات کے آس پاس علاقے کو ”متاثرہ“ جبکہ ان کے آس پاس دس کلو میٹر احاطے کو” الرٹ زون“ قرار دیدیا۔
نیوز ایجنسی کے این او کے مطابق برڈ فلو کی تصدیق ضلع کے پایر پورہ گلگام اور ضلع ٹریجری احاطے سے ہوئی ہے جس کے بعد حکام نے ضروری قانونی دفعات کے تحت ان علاقوں میں پابندیاں عاید کیں۔
اس کے علاوہ متعلقہ ضلع محکموں کو ہدایت دی گئی ہے کہ نمونے حاصل کرکے جانچ کا کام ہاتھ میں لیں اور متاثرہ علاقوں کی سینی ٹائزیشن کرائیں۔اس سلسلے میں کئی محکموں کو آپسی تعاون کیلئے کہا گیا ہے اور یہ بھی ہدایات دی گئی ہیں کہ مردہ جانوروں کو مناسب طریقے سے ٹھکانے لگایا جائے۔
قابل ذکر ہے کہ جنوبی ضلع اننت ناگ اور شوپیان جبکہ شمالی ضلع بانڈی پورہ میں بھی برڈ فلو کی تصدیق ہوگئی ہے۔