رعناواری اسپتال یکم مارچ سے کھولنے کا فیصلہ : اتل ڈلو

تاریخ    22 فروری 2021 (00 : 01 AM)   


پرویز احمد
سرینگر //جموں کشمیرسرکار نے جواہر لال نہرو میموریل اسپتال رعناواری کو یکم مارچ سے عام مریضوں کیلئے کھولنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ اسپتال پچھلے ایک ماہ سے خالی پڑا ہے ۔ اسپتال کو کھولنے کے بارے میں پچھلے مہینے کمشنر سیکریٹری ہیلتھ کو تحریری طور پر آگاہ کیا گیا تھا لیکن  حکومت نے اس بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ معلوم ہوا ہے کہ اسپتال انتظامیہ نے دو بار کمشنر سیکریٹری کے آفس کو مطلع کیا تھا کہ اسپتال میں کوئی کورونا کیس موجود نہیں ہے جس کی وجہ سے کورونا کیلئے مخصوص ادارے سے وابستہ ملازمین اور طبی و غیر طبی عملہ بیکار بیٹھا ہے۔فنانشل کمشنر صحت و طبی تعلیم اتل ڈلو نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ پہلے حکم نامہ میں ہم نے 8اسپتالوں کو عام مریضوں کیلئے کھولا لیکن ابھی رعناواری اور گاندھی نگر جموں کے اسپتالوں کو کھولنا باقی تھا ، جن کے کھولنے کا حکم جاری کردیا گیا ہے‘‘۔اتل ڈلو نے بتایا ’’ یکم مارچ تک دونوں اسپتالوں میں معمول کا کام کاج شروع ہوجائے گا‘‘۔ جواہر لال نہرو میمورل اسپتال رعناواری کو 24مارچ کو کورونا وائرس مریضوں کے علاج و معاملہ کیلئے وقف کیا گیا تھا اوردسمبر تک اسپتال میں کورونا وائرس مریض زیر علاج تھے ۔اس عرصہ کے دوران اسپتال میں 1700سے زائد کورونا وائرس مریضوں کا علاج و معالجہ کیا گیا۔میڈیکل سپر انٹنڈنٹ رعناواری روئوف بٹ نے بتایا ’’ ہمیں ابتک کوئی حکم نامہ موصول نہیں ہوا ہے‘‘۔
 

تازہ ترین