تازہ ترین

یکم سے 3فروری تک پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان

یخ بستہ ہوائوں سے دن میں بھی شدید ٹھنڈ ، گلمرگ میں شبانہ درجہ حرارت منفی 12

تاریخ    28 جنوری 2021 (00 : 01 AM)   
(File Photo)

اشفاق سعید
سرینگر //شہر سرینگر اور وادی کے دیگر اضلاع میں دن کے درجہ حرارت میں کمی واقع ہونے سے سردی کی لہر پیدا ہوگئی ہے اور پچھلے دو روز سے دن میں یخ بستہ ہوائوں نے سردی کی شدت میں اضافہ کردیا ہے۔وادی میں پہلے ہی شبانہ درجہ حرارت میں بہت حد تک کمی ہوئی ہے اور شبانہ سردی کے ریکارڈ قائم ہوچکے ہیں۔منگل کو دن کا کم سے کم درجہ حرارت 5ڈگری ریکارڈ کیا گیا تھا جبکہ بدھ کو دن کے درجہ حرارت میں مزید کمی آئی۔ پچھلے دو روز سے دن میں بے جان دھوپ رہتی ہے  حالانکہ اس سے قبل اچھی خاصی دھوپ ہوا کرتی تھی۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دن میں موسم ابرآلودرہنے کی وجہ سے سخت سردی پیدا ہوگئی ہے کیونکہ دن بھر ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں تاہم شبانہ درجہ حرارت میں بہتری ریکارڈ کی جارہی ہے۔ محکمہ موسمیات نے یکم سے3 فروری تک بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری کا امکان ظاہر کیا ہے ۔  دو روز کے دوران اگرچہ رات کے کم سے کم درجہ حرات میں بہتری آئی البتہ دن کے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں گراوٹ آنے کے نتیجے میں اہل وادی کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔محکمہ موسمیات کے ترجمان نے کہا کہ منگل اور بدھ کی درمیانی رات سرینگر میں اگرچہ کم سے کم درجہ حرارت میں بہتر آئی اور یہاں منفی2.0ڈگری ریکارڈ کیا گیا تاہم دن کے درجہ حرارت میں گراوٹ آئی اور درجہ حرات 5.2ڈگری سیلشیس ریکارڈ کیا گیا ۔قاضی گنڈ میںشبانہ درجہ حرات منفی 4.4ڈگری اوردن کا 1.6 ریکارڈ کیا گیا ۔پہلگام میں شبانہ درجہ حرارت منفی 7.7اور دن کادرجہ حرارت 1.6 ریکارڈ کیا گیا ۔سیاحتی مقام گلمرگ میں سخت ترین سردی پڑ رہی ہے وہاں جہاں دن کے درجہ حرات میں بھی شدید گراوٹ آئی ہے وہیں رات کو بھی وہاں رواں موسم کی ٹھنڈی رات ریکارڈ کی گئی ۔یہاں شبانہ درجہ حرارت منفی 12ڈگری اور دن کادرجہ حرات منفی 4.0ڈگری درج کیا گیا ۔کپوارہ ضلع میں کم سے کم درجہ حرات منفی 2ڈگری اور زیادہ سے زیادہ  7.0ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔کوکرناگ میں منگل اور بدھ کی درمیانی رات کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.3ڈگری ریکارڈ کیا گیا اور یہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 1.0ڈگری درج ہوا۔محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر مختار احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ 31 جنوری کی شام تک وادی میں موسم خشک رہے گا تاہم 31سے یکم فروری اور پھر 2اور3فروری کے درمیان پہاڑی علاقوں میں ہلکی برف باری ہو سکتی ہے، جبکہ میدانی علاقوں میں بوندا باندی کا امکان ہے ۔انہوں نے کہا کہ کم سے کم درجہ حرارت میں بھی اس معمولی برف باری کے بعد بہتری آئے گی ۔انہوں نے کہا کہ دن کے دوران مطلع ابرآلودرہنے کے نتیجے میں ٹھنڈی ہوائیں چلتی ہیں، کیونکہ ابھی بھی پہاڑوں پر کافی زیادہ برف جمع ہے ، جس سے لہریں اٹھتی ہیں۔تاہم انکا کہنا تھا کہ  فروری میں اس سے لوگوں کو نجات ملنے کا امکان ہے ۔