سورج بادلوں کی اوٹ سے نکل آیا | 31جنوری تک موسم میں ٹھہرائو کا امکان

۔ پہلگام میں درجہ حرارت منفی12اور گلمرگ میں منفی 11

تاریخ    25 جنوری 2021 (00 : 01 AM)   


اشفاق سعید
 سرینگر //ٹنل کے آر پار ہوئی برف باری کے بعداتوار کو موسم صاف رہنے سے وادی میں معمولات زندگی پھر سے پٹری پر لوٹ آئی ۔ایک دن کے بعد فضائی اور زمینی راستے بھی بحال ہوئے۔  اتوار کو صبح کے وقت شہرسرینگر سمیت وادی بھر میںمطلع صاف ہوا اور بادلوں کی اوٹ سے سورج نکل آیا جس کے نتیجے میں دن بھر دھوپ کھلنے سے لوگوں نے راحت کی سانس لی ۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کشمیر وادی میں 31جنوری تک موسم خشک رہے گا تاہم شبانہ درجہ حرارت میں مزید گراوٹ آسکتی ہے۔ سنیچر کو وادی بھر میں شدید برف باری ہوئی جس کے نتیجے میں سڑکیں بند ہوئیں۔
اتوار کی صبح 4بجے شہر سرینگر اور دیگر ضلع صدر مقامات پر سڑکوں سے برف ہٹانے کی شروعات کی گئی۔میکینکل ڈویژن کے اعدادوشمار کے مطابق انکے پاس  25چھوٹی بڑی مشینیں ہیں، جنہیں سرینگر میں برف ہٹانے کیلئے رکھا گیا ہے۔برف باری کے نتیجے میں گریز بانڈی پورہ، کرناہ کپوارہ ، کیرن کپوارہ ، اور مژھل کی سڑکیں گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بند ہیں اور حکام نے کہا ہے کہ موسم صاف ہونے کی صورت میں گاڑیوں کو ان شاہرائوں پر چلنے کی اجازت دی جائے گی تاہم جموں سرینگر شاہراہ کو صرف درماندہ گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے کھلا چھوڑا گیا ۔ادھر ائرپورٹ حکام نے بتایاکہ روشنی کم ہونے اوررَن وے پربرف موجود  ہونے کے باعث سنیچر کو جن پروازوں کی آمداورروانگی ممکن نہیں ہوسکی تھی انہیں اتوار کے روز باضابطہ طور بحال کیا گیا جس کی وجہ سے وادی میں اور بیرون وادی میں درماندہ لوگوں نے راحت کی سانس لی ۔ادھر محکمہ موسمیات نے اپنی پیش گوئی میں بتایا کہ اتوارسے موسم پھر تبدیل ہوگااور31جنوی تک خشک رہے گا ۔انہوں نے بتایا کہ اس دوران رات کے کم سے کم درجہ حرارت میں پھر سے گراوٹ آئے گی اور راتیں سرد ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ نے بتایا کہ حالیہ برف باری کے بعد کشمیر وادی کے کچھ ایک علاقوں میں رات کے کم سے کم درجہ حرات میں بہتری آئی جبکہ پہلگام ، گلمرگ اور شوپیاں میں درجہ حرات میں شدید گراوٹ دیکھنے کو ملی ۔شہر میں درجہ حرات میں بہتری کے باعث صبح کے وقت پانی کے نلوں سے بھی بغیر رکاوٹ لوگوں کو پانی حاصل ہوا ۔
محکمہ کے ترجمان نے بتایا کہ سرینگر میں سنیچر اور اتوار کی درمیانی رات کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.9ڈگری سنٹی گریڈ درج کیا گیا جبکہ قاضی گنڈ میں منفی3.0 ، پہلگام میں منفی 12.0 ،کپوارہ میں منفی 4.2 ، کوکرناگ میں منفی 5.9 ، سیاحتی مقام گلمرگ میں منفی 11 ، شوپیاں میں منفی10.0ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔
 

تازہ ترین