بانہال میں چوری کا معاملہ آدھے گھنٹہ میں حل

۔ 10.5لاکھ کی رقم لوٹنے والا پٹن کا چور ریلوے سٹیشن سے گرفتار

تاریخ    24 جنوری 2021 (00 : 01 AM)   


محمد تسکین
بانہال // بانہال پولیس نے جمعہ کی نماز کے دوران قصبہ بانہال میں ایک ہول سیل دکان سے نقلی پستول کی نوک پر دس لاکھ چون ہزار روپئے کی رقم لیکر فرار ہونے والے ایک شخص کو ادھے گھنٹے کے اندر اندر چوری کی واردات میں استعمال کی گئی کار اور اس میں چھپائی گئی رقم سمیت گرفتار کیا ہے۔ اس سلسلے میں ایس ایس پی رام بن حسیب الرحمان نے رام بن میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کیا ۔ پولیس نے گرفتار چور کی شناخت ظفر شاہ ولد مظفر شاہ ساکنہ یکمن پورہ پٹن ضلع بارہمولہ کے طور کی ہے۔نماز جمعہ کے وقت قصبہ بانہال کے وسط میں واقع ہول سیلر خورشید احمد شاہ ولد گل محمد شاہ کی دکان پر دو بچے ہی بیٹے تھے اور باقی افراد نماز کیلئے مسجد گئے تھے۔ اتنے میں ایک شخص دکان پر آیا اور سودا خریدنے لگا اور دونوں بچے سودا تولنے وغیرہ میں لگ گئے۔اس دوران اس لٹیرے نے نقلی پستول دکھا کر وہاں بیگ میں بنک لے جانے والی ساڑھے 1054000 روپئے لے کر اڑ گیا۔ جمعہ کی وجہ سے شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل بند ہونے کی وجہ سے ایس ایچ او بانہال نعیم الحق نے حاضری دماغی کا مظاہر کرتے ہوئے دکان میں موجود ایک بچے کو اپنی جیپ میں ساتھ لے لیا اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے چور کو ریلوے سٹیشن بانہال سے واردات کے آدھے گھنٹے کے اندر اندر دھر لیا گیا اور اس کی کار ضبط کی گئی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ چور نے بیگ سے رقم نکال کر بیگ کو پھینک دیا تھا اور رقم کو سیٹیوں کے نیچے دبا رکھا تھا۔ پٹن کا سید ظفر عرف ظفرسپاری چند سال پہلے بھی بانہال کے ایک اور ہول سیلر سے چار لاکھ سے زائد کی رقم سے بھرا بیگ لے کر رفو چکر ہوا تھا لیکن اس دن بھی اس چور کی قسمت ساتھ نہیں دے پائی تھی اور جواہر ٹنل پار ٹائٹانک پوائنٹ پر کار سمیت پکڑا گیا تھا۔ پولیس نے مختلف دفعات کے تحت کیس درج کرکے مزید کاروائی شروع کی ہے۔

تازہ ترین