تازہ ترین

کشتواڑ ،ڈوڈہ ،رام بن اور ریاسی میں عام زندگی مفلوج،بیسیوں رابطہ سڑکیں مسدود

تاریخ    24 جنوری 2021 (00 : 01 AM)   


عاصف بٹ +اشتیاق ملک
 کشتواڑ+ڈوڈہ //محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق ہفتہ کے روز وادی چناب میں ہلکی بارش کے بعد شدید برفباری کا سلسلہ شروع ہوا جس کے نتیجے میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے اور بیشتر دیہات میں پانی، بجلی و سڑک نظام متاثر ہوا ہے۔کشتواڑ کے  بالائی علاقوں میں صبح سے ہی برفباری شروع ہوئی تھی وہیں میدانی علاقے میں بعد دوپہر برفباری کا سلسلہ شروع ہوا۔ اگرچہ صبح کے وقت بازاروں میں چہل پہل دیکھی گئی لیکن بعد دوپہر بڑی کم تعداد میں لوگ گھروں سے باہر نکلے اور لوگوں نے گھروں میں رہنے کو ہی ترجیح دی۔ ضلع کے دورافتادہ علاقہ جات مڑواہ، واڑون و دچھن میں 4سے 6 انچ تک برفباری درج کی گئی جبکہ دیگر علاقاجات پاڈر ، مچیل ،چھاترو، مغلمیدان ، کیشوان ،ٹھکرائی ،پلماڑ، بونجواہ، سروڑ میں بھی4 انچ تک برفباری درج کی گئی وہیں قصبہ میں بھی 3 انچ برفباری درج کی گی تھی جبکہ یہ سلسلہ آخری اطلاع ملنے تک جاری تھا۔ قصبہ کی سڑکوں پر پھسلن پیدا ہونے سے گاڑیوں کو چلنے میں سخت دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا تھا۔
بجلی کی آنکھ مچولی عوام کیلئے درد سر بنی جبکہ متعدد اندرونی سڑک رابطوں پر ٹریفک متاثر ہوا ۔ بانہال سے محمد تسکین کے مطابق ادھر ہفتہ کے روز بعد دوپہر ڈوڈ ہ کے بالائی علاقوں میں شدید برفباری و میدانی علاقوں میں بارش کا سلسلہ شروع ہوا جو آخری اطلاع ملنے تک جاری تھی۔برفباری و بارشوں کی وجہ سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے اور کئی دیہات میں پانی، بجلی وسڑک نظام متاثر ہوا ہے۔ادھر ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ نے ضلع ،سب ڈویڑنل و تحصیل انتظامیہ کو متحرک رہنے کی ہدایت دیتے ہوئے اپنے اپنے ہیڈکواٹر پر موجود رہنے کو کہا ۔ ڈی سی نے تحصیلداروں کو ہدائت دی کہ وہ دیگر محکموں کے تال میل سے لوگوں تک بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں اور کسی بھی آفات سے نمٹنے کیلئے مشینری و عملہ کو متحرک رکھیں۔
ڈی سی نے انجینئروں پر زور دیا کہ وہ سڑکوں کی بحالی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں اور اپنے دائرے اختیار میں دستیاب مشینری کو چالو رکھیں۔اس دوران ہفتہ کی شام تک جواہر ٹنل پرایک فٹ کے لگ بھگ برف ریکارڈ کی گئی تھی جبکہ بانہال اور اس کے پہاڑی علاقوں میں شام تک تین انچ سے ایک فٹ تک تازہ برف رکارڈ کی گئی جس کی وجہ سے سب ڈویژن بانہال کھڑی اور سب ڈویژن رامسو پوگل پرستان کے بیشتر علاقوں میں بجلی کی سپلائی اور سڑک رابطے منقطع ہوگئے ہیں۔ اس دوران ڈپٹی کمشنر رام بن مسرت الالسلام نے برفباری اور بارشوں سے پیدا ہونے والی کسی بھی ہنگامی صورتحال کا مقابلہ کرنے کیلئے محکمہ تعمیرات عامہ ، واٹر ورکس ، صحت ، پی ایم جی ایس وائی اور خواراک و رسدات کے تمام ضروری محکموں کو تیار رہنے کا حکم دیا ہے۔ ریاسی ضلع کے بالائی علاقوں میں بھی برف باری اور میدانی علاقوں میں بارشیں ہوئی ہیں۔
 

تازہ ترین