مزید خبریں

تاریخ    24 جنوری 2021 (00 : 01 AM)   


کپوارہ میں غیر مقامی ذہنی طور معذورخاتون کی لاش بر آمد 

سی این ایس
 
 سرینگر// کپوارہ میں سنیچروار صبح کو ایک غیر مقامی ذہنی طور معذورخاتون کی لاش برآمد ہوئی۔سی این ایس کے مطابق کپوارہ میں ایک غیر مقامی ذہنی طورمعذورخاتون گزشتہ آتھ برسوںسے گھومتی پھرتی تھی اورآج اُس کی لاش ریگی پورہ پل کے پاس پائی گئی۔پولیس کے مطابق لاش کو طبی وقانونی لوازمات پورا کرنے کیلئے ہسپتال منتقل کیاگیا۔اس سلسلے میں مزیدتحقیقات شروع کی گئی ہے ۔
 
 

شالہ ٹینگ میں لاپتہ بچے کی لاش نہر سے ملی 

ارشاداحمد
 
سرینگر//شالہ ٹینگ میں گزشتہ روز لاپتہ ہوئے تین برس کے کمسن لڑکے کی لاش گھر کے عقب میں واقع نہر سے بازیاب کی گئی۔معلوم ہوا ہے کہ گزشتہ روزدن کے تین بجے اچانک تین برس کا کمسن سالم بلال صوفی ولدبلال احمد صوفی ساکن غالب آباد شالہ ٹینگ گم ہوگیا۔ہرجگہ تلاش کرنے کے بعد والدین نے پولیس اسٹیشن پارمپورہ میں اس کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی ۔پولیس نے فوری طور حرکت میں آکرسالم بلال کی تلاش شروع کردی،جس کے تحت سی سی ٹی وی فوٹیج کا معائنہ کرنے کے بعدبلال احمدصوفی کے گھر کے عقب میں واقع نہر میں سالم کی کھوج شروع کی گئی۔پولیس کے مطابق اس مہم میں مقامی لوگوں کے علاوہ این ڈی آر ایف اہلکاروں نے شرکت کی اور ان کی مشترکہ کوششوں سے بالآخر دوران شب گیارہ اور بارہ بجے کے درمیان کمسن لڑکے کی لاش نہر سے برآمد کی گئی ۔

 

گپکار اتحاد کھوکھلے وعدوں پر مبنی

اپنی پارٹی نے سجادلون سے کوئی رابطہ نہیں کیا

عثمان مجید
سری نگر//اپنی پارٹی کے لیڈر عثمان مجید نے عوامی اتحاد برائے گپکار اعلامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ اتحاد شروع سے ہی کھوکھلے وعدوں پر مبنی تھا،اس لئے اب پیپلزکانفرنس کے چیئرمین سجادغنی لون جیسے سینئررہنما اس اتحاد سے کنارہ کش ہورہے ہیں۔بانڈی پورہ میں پارٹی ورکروں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپنی پارٹی نے ہمیشہ لوگوں کو سچی سیاست بتائی اور سکھائی جس کی وجہ سے انہوں نے حالیہ ضلع ترقیاتی کونسل انتخابات میں کامیابی حاصل کی ۔انہوں نے کہا کہ گپکار اتحاد شروع سے ہی کھوکھلے وعدوں پر مبنی تھااس لئے سجاد غنی لون جیسے رہنمائوں نے اس اتحاد سے کنارہ کشی کی ۔جے کے این ایس کے مطابق سجاد غنی لون سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ابھی سجاد غنی لون سے جڑنے یاباہمی تعلقات کاکوئی خیال نہیں ہے اور نہ ہی ہماری پارٹی نے ان سے کوئی رابطہ قائم کیاہے۔اس موقعہ پر کئی دیگر سیاسی جماعتوں کے کارکنوں نے اپنی پارٹی میں شمولیت اختیارکی۔
 
 

پانپور کی سڑکوں سے برف ہٹانے کا مطالبہ

 سید اعجاز
 
ترال//بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر لیڈر و مینارٹی مورچہ کے نائب صدر لطیف احمد بٹ نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ پانپور کی اندرونی اور بیرونی سڑکوں سے برف ہٹائی جائے تاکہ لوگوں کو چلنے پھرنے میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔لطیف بٹ نے محکمہ بجلی اور جل شکتی سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں پہلے کی طرح متحرک رہیں تاکہ لوگوں کے ان مشکل ایام میں بجلی اور پانی کی سپلائی کے حوالے سے مشکلات کا سامنانہ کرنا پڑے ۔ادھرڈی ڈی سی ممبر کاکہ پورہ پلوامہ منہا لطیف نے بھی لوگوں کو بلا خلل بجلی اور پانی سپلائی جاری رکھنے کا مطالبہ کیا ۔
 

ہندوارہ میں پولیس کی امداد

سرینگر//ہندوارہ پولیس نے واتائن ، چوگل ، لنگیٹ ، ولگام اور قلم آباد میں موسم کی خرابی کی وجہ سے سڑکوں پر پھنسے ہوئے لوگوں کو مدد فراہم کی۔ پھسلتی سڑکوں پر پھنس جانے والی گاڑیوں کو امداد فراہم کرنے کے لئے خصوصی  پولیس ٹیمیںخاص طور پر ہائی وے پر مختلف مقامات پر  بھی تعینات کی گئیں ۔اس کے علاوہ ، ہندواڑہ پولیس نے پہلے ہی ہندواڑہ کے عوام الناس کے لئے کسی قسم کی مدد کے لئے چوبیس گھنٹے ہیلپ لائن نمبرپہلی ہی جاری کئے تھے ۔
 

شوپیان میں ایمرجنسی کنٹرول روم قائم

شوپیان// ضلع انتظامیہ شوپیان نے ترقیاتی دفتر شوپیاں میں ایمرجنسی کنٹرول روم قائم کیا ہے۔ضلع کے پہاڑی علاقوں میں برف باری کی  وجہ سے عام لوگوں کی سہولت اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لئے کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔دریں اثنا ، کسی بھی طرح کی ہنگامی صورتحال ، ضروری اشیاء کی دستیابی اور روڈ رابطے سے بچنے کے لئے ، شوپیان کے عام عوام کو مشورہ دیا گیاہے کہ وہ ان نمبروںپر01933-260044، 7006253282 ، 9018951846 ، 7006404127 ، 7006247870 ، 7006043810 اور پولیس کنٹرول روم شوپیان 9596768831 رابطہ کریں۔
 

 ہندواہ میں ایڈ وائزری جاری

سرینگر//ہندوارہ پولیس نے قصبہ کے لوگوں کیلئے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوگ بھاری برفباری کے دوران اپنے گھروں سے بلا وجہ باہر نہ نکلیں۔ پولیس نے قصبہ کے لوگوں کے لئے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا کہ لوگ غیر ضروری طوراپنے گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ ایڈوائزری میں پولیس نے کہا کہ لوگ یہ ذہن نشین کریں کہ محکمہ موسمیا ت نے شمالی کشمیر کیلئے بھاری برفباری کی پیش گوئی کی ہے جس کے تحت لوگوں کو صلاح دی جارہی ہے کہ وہ احتیاط برتیں ۔سپر انٹنڈنٹ پولیس ہندوارہ ڈاکٹر جی وی سندیپ چکرورتی نے کہا ہے کہ موسم میں بہتری تک لوگ حتیاط سے رہیں۔ لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ بوقت ضرورت ہندوارہ پولیس سے فون نمبرات 0195526229, 9906767076  پر رابطہ کرسکتے ہیں۔
 
 

 گاندربل کے معروف عالم دین فوت

سیاسی، سماجی اور مذہبی جماعتوں کا اظہار رنج

گاندربل//ارشاد احمد// وتہ لار میں موجود میر سید شاہ قلندرؒ کی عبادت گاہ کے صحن میں موجود جامع مسجد کے امام و خطیب مولانا شیخ جلال الدین ساکنہ وتہ لار مختصر علالت کے بعد انتقال کرگئے۔موصوف ایک مذہبی اسکالر تھا جس نے معاشرے کے مختلف فرقوں میں مذہبی ہم آہنگی اور اتحاد کے لئے ہمیشہ کام کیا۔گاندربل کی مختلف مذہبی، سماجی، سیاسی اور غیر سرکاری تنظیموں نے ان کی موت کو امت مسلمہ کے لئے ایک بہت بڑا نقصان قرار دیا ہے ۔نیشنل کانفرنس کے ضلع صدرگاندربل اشفاق جبار ،پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما غلام رسول شاہین، کانگریس کے ضلع صدر گاندربل ساحل فاروق سمیت دیگر سرکردہ شخصیات نے مولانا کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ادھر محکمہ امور صارفین و تقسیم کاری کے تحصیل لار کے آفیسر منظور احمد بٹ نے بھی مرحوم کے گھر جاکر پسماندگان کے ساتھ تعزیت پرسی کی ۔
 

کپوارہ میں قصاب گرفتار

چھو ٹے گوشت کے بدلے بڑا گوشت فروخت کرنے کا الزام 

اشرف چراغ 
 
کپوارہ// کپوارہ پولیس نے ایک شکایت پر ایک قصاب کو چھو ٹے گوشت کے بدلے بڑا گوشت فروخت کرنے کی پا داش میں گرفتار کیا اور اس کے خلاف ایک کیس درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ۔معلوم ہوا ہے کہ محکمہ امور صارفین اور پولیس کو ایک شکایت ملی کہ کپوارہ بازار میں ایک قصاب ہلال احمد گنائی چھوٹے گوشت کے ساتھ بڑا گو شت ملا کر لوگو ں کو فرو خت کرتا تھا اور یہ سلسلہ کئی ماہ سے جاری ہے ۔ہفتہ کے روز کپوارہ وپولیس اور محکمہ امور صارفین و تقسیم کاری کی ایک مشترکہ ٹیم نے بازار کا معائنہ کیا اور ہلال احمد کے دکان پر چھاپہ مار کر اس کو گرفتار کیا ۔دوران پوچھ تاچھ ہلال احمد گنائی نے پولیس کے سامنے اس بات کا اعتراف کیا کہ وہ چھو ٹے گوشت کے ساتھ بڑا گوشت ملا کر لوگو ں کو فرو خت کر تا ہے ۔پولیس نے معاملہ کی نسبت ایک کیس زیر دفعہUS3/7,420درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ۔
 
 

گاندربل اورقاضی گنڈمیں پانچ افراد گرفتار

غیر قانونی شراب ، کوڈین فاسفیٹ اورخشخاش پوست برآمد

ارشاد احمد+عارف بلوچ
 
گاندربل+اننت ناگ//گاندربل پولیس نے بھاری مقدار میں شراب اور کوڈین کی بوتلیںضبط کرتے ہوئے اس دھندے میں ملوث افراد کی گرفتاری عمل میں لائی۔ایس ایس پی گاندربل خلیل احمد پسوال کی ہدایت پر واکورہ کے مقام پر ناکہ قائم کیا گیا جس کی سربراہی شادی پورہ چوکی انچارج سب انسپکٹر گلزار حسین نے کی۔ چیکنگ کے دوران پولیس پارٹی کو دیکھ کر مشتبہ موٹرسائیکل پر سوار دو افراد نے بھاگنے کی کوشش کی جسے پولیس کی بروقت چوکسی سے ناکام بنادیا ۔تلاشی کے دوران ان سے برآمد ہونے والے بیگ سے کوڈین کی 18 بوتلیں برآمد ہوئیں۔اس موقع پر دونوں افراد جن کی شناخت فیاض احمد تیلی ساکن حاجن ضلع بانڈی پورہ،شاہجہان احمد پراہ ساکن ززنہ گاندربل کے طور پر ہوئی کی گرفتاری عمل میں لائی گئی جبکہ موٹرسائیکل رجسٹریشن نمبر JK16-5197 کو بھی ضبط کرتے ہوئے معاملے کی نسبت زیر نمبر 08/2021 درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی گئی۔ادھر دوسرے واقعے میں پولیس اسٹیشن صفاپورہ پولیس نے دوران ناکہ تھانہ ایس ایچ اوسلفی ارشدکی سربراہی میں گلاب شیخ کے مقام پر بانڈی پورہ سے صفاپورہ آنے والی الٹو کار زیر نمبرJK01R-4884کو روک لیا گیا ۔ایسے میں گاڑی میں سوار افراد نے فرار ہونے کی کوشش کی جسے پولیس نے ناکام بنادیا۔اس موقع پر پولیس نے کار کی تلاشی لیتے ہوئے شراب کی بھاری کھیپ برآمد کرتے ہوئے دو افراد جن میں سے ایک غیر ریاستی بھگوان پاترہ ولد سوگناتھ پاترہ ساکنہ اوڈیسہ اورمشتاق احمد راتھرساکن اجس بانڈی پورہ کی گرفتاری عمل میں لاتے ہوئے کیس زیر نمبر 1/2021 درج کرتے ہوئے آلٹو گاڑی کو بھی ضبط کیا۔ادھرپولیس پوسٹ میر بازار نے کولگام قاضی گنڈ کے علاقے نیپورہ چوک میں ناکہ چیکنگ کے دوران ایک سنیٹروگاڑی زیر نمبر کو روکا جس میں ایک شخص سوار تھا۔ اس کی شناخت شاہد احمد ٹھوکر ساکن واگہامہ بجبہاڑہ کے نام سے ہوئی ہے کی تلاشی شروع کی۔ دوران تلاشی اس کے قبضے43 کلوگرام خشخاش پوست برآمدکیااور گاڑی میں سوار شہری کو گرفتار کرکے پولیس تھانہ منتقل کردیا گیا ۔اس واقع میں استعمال میں لائی گئی گاڑی بھی ضبط کی گئی اور قاضی گنڈ تھانہ میں قانون کے متعلقہ ایف آئی آر نمبر 13/2021کے تحت کیس درج کیا گیا۔
 

کئی سماجی شخصیات فوت

عوامی مجلس عمل کا اظہار رنج

سرینگر//عوامی مجلس عمل نے تنظیم سے جڑی کئی سرکردہ شخصیات کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے جملہ مرحومین کی مغفرت اور جنت نشینی کیلئے دعا کی ہے۔بیان میں تنظیم کے انتہائی ہمدرد محمد اشرف مسگر ساکن لالبازار، معراج الدین شاہ ساکن حول اور ہلال احمد ہانجوری گلستان نیوز کے والد کی وفات کو سیاسی اور سماجی حلقوں کیلئے ایک بڑے نقصان سے تعبیر کرتے ہوئے سوگوار کنبے سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ تنظیم کے وفود نے لالبازار اور حول جاکر تنظیمی قیادت خاص طور پر میرواعظ محمد عمر فاروق کی جانب سے زرگر خاندان اور شاہ خاندان کے ساتھ تعزیت پیش کی اور مرحومین کی اپنے اپنے دائرے میںسیاسی اور سماجی خدمات اور قربانیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔
 

رورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی کابارہمولہ کے صحافی سے اظہار تعزیت

سرینگر//جموں وکشمیر رورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی کے چیئرمین مبارک گل،چیئرمین شمالی کشمیر خواجہ محمد شفیع اور ضلع چیئرمین بارہمولہ عبدالمجید آخون،ضلع آرگنائزر بارہمولہ ندیم اکبر عباسی،تحصیل چیئرمین اوڑی بشیر احمد وتھلو،وائس چیئرمین تحصیل اوڑی ارشاد احمد بڈو،تحصیل سیکریٹری اوڑی خواجہ فیاض احمد،تحصیل کوارڈی نیٹر ااوڑی یاسر عرفات بانڈے اورتحصیل چیئرمین بونیار تنویر عمران لون نے پیر سجاد حسین نامہ نگار نیوز18اردو کی اہلیہ کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔ چیئرمین شمالی کشمیر خواجہ محمد شفیع اور ضلع چیئرمین بارہمولہ عبدالمجید اخون نے ان کے گھر چاٹوسہ رفیع آباد جاکر تعزیت کا اظہار کیا اور مرحومہ کے حق میں دعائے مغفرت کی اور جملہ سوگواران سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے پیرزادہ سجاد حسین کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔
 

کولگام پولیس کی مریض کو اسپتال پہنچانے میں مدد 

سرینگر//کولگام پولیس نے ناداروں کی امداد کیلئے اپنی کوششوں کو جاری رکھتے ہوئے ایک مریض کو اسپتال پہنچا کرکے ایک قیمتی جان بچائی۔ ایس ڈی پی او قاضی گنڈ محمد شفیق (جے کے پی ایس) کی نگرانی میں ایس ایچ او پولیس اسٹیشن قاضی گند کی سربراہی میںپولیس اسٹیشن قاضی گنڈ کی ٹیم نے تیزی سے کارروائی کرتے ہوئے موقع پر پہنچ کر مریض کو سرکاری پولیس گاڑی میں طبی امداد کے لئے ایمرجنسی اسپتال قاضی گنڈ پہنچا۔
 

کورونا ہلاکت خیز وبا،احتیاط لازمی :صدرِ جمعیت

 سرینگر// جمعیت اہلحدیث کے صدر پروفیسر غلام محمد بٹ المدنی نے مرکزی جامع اہلحدیث گائوکدل میں ایک بھاری جمعہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کچھ لوگوں نے تمام احتیاطی تدابیر کو یکسر نظر انداز کیا ہے اور اس ہلاکت خیز وبا کے حوالہ سے ان کا یہ رویہ سارے معاشرے کے لیے خطر ناک ثابت ہو سکتاہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے سبھی دانشوروں اور علماء و ائمہ کرام کی اس تعلق سے ذمہ داری بن جاتی ہے کہ وہ مسلسل عامتہ الناس کو اس معاملے کی حساسیت سے آگاہی دیتے رہیں اور طبی ہدایات پر عمل پیرائی کو یقینی بنانے کے لیے اپنی کاوشوں اور صلاحیتوں کوبروئے کار لائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ویکسین کی آمد خوشگوار ہوا کا ایک جھونکا ضرور ہے لیکن جب تک یہ مطلوبہ تعداد میں میسر نہیں آتا تاکہ ہر شخص اس سے مستفید ہو ۔ صدر موصوف نے جاڑے کے مسائل و مشکلات پر بھی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بیشتر لوگ اس وقت ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے ہیں ،شدت کی سردی نے مفلوک الحال طبقے کو زیادہ ہی نیم جان کرکے رکھ دیا ہے، گراں بازاری سے بھی چیخیں نکل رہی ہیں اور کتنے ہی گھر انے زمستانی ہوا ؤں اور ٹھٹھر تی سردیوں میں نذر آتش ہوئے ۔صدر جمعیت نے کہا کہ ان ہوشربا حالات میں پریشان حال مستحقین کی اعانت کا بیڑا اٹھائیں ۔
 

سابق ڈی آئی جی،پلوامہ کے تاجر اورراجوری کے شاعر کی رحلت

ڈاکٹر فاروق سمیت نیشنل کانفرنس کے دیگر لیڈران کا اظہارِ تعزیت

سرینگر// نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے راجباغ کی معروف شخصیت اور سابق ڈی آئی جی پولیس حاجی حفیظ اللہ ڈار کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سوگواران کے ساتھ تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔ ڈاکٹر فاروق نے مرحوم کے فرزندوں کے ساتھ ٹیلی فون پر تعزیت کی۔ پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ، جنرل سکریٹری علی محمد اور معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر مصطفی کمال نے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے جبکہ پارٹی کے صوبائی صدر ناصر اسلم وانی نے مرحوم کے گھر جاکر پسماندگان کے ساتھ تعزیت کی ۔ پارٹی لیڈران نے اٹھورہ پلوامہ کے معروف تاجر حاجی غلام احمد پنڈت کے انتقال پر بھی گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے اور جملہ سوگواران کے ساتھ تعزیت کی ۔ سینئر پارٹی لیڈران سکینہ ایتو، حسنین مسعودی، ڈاکٹر بشیر احمد ویری اور شیخ محمد رفیع نے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ اسی دوران ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے راجوری کے کہنہ مشق استاد اور ماہر تعلیم شہباز راجوروی کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے موصوف کی رحلت کو علمی حلقوں کیلئے ایک بڑا نقصان قرار دیا۔
 

گاندربل کے معروف عالم دین فوت

سیاسی، سماجی اور مذہبی جماعتوں کا اظہار رنج

گاندربل//ارشاد احمد// وتہ لار میں موجود میر سید شاہ قلندرؒ کی عبادت گاہ کے صحن میں موجود جامع مسجد کے امام و خطیب مولانا شیخ جلال الدین ساکنہ وتہ لار مختصر علالت کے بعد انتقال کرگئے۔موصوف ایک مذہبی اسکالر تھا جس نے معاشرے کے مختلف فرقوں میں مذہبی ہم آہنگی اور اتحاد کے لئے ہمیشہ کام کیا۔گاندربل کی مختلف مذہبی، سماجی، سیاسی اور غیر سرکاری تنظیموں نے ان کی موت کو امت مسلمہ کے لئے ایک بہت بڑا نقصان قرار دیا ہے ۔نیشنل کانفرنس کے ضلع صدرگاندربل اشفاق جبار ،پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما غلام رسول شاہین، کانگریس کے ضلع صدر گاندربل ساحل فاروق سمیت دیگر سرکردہ شخصیات نے مولانا کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ادھر محکمہ امور صارفین و تقسیم کاری کے تحصیل لار کے آفیسر منظور احمد بٹ نے بھی مرحوم کے گھر جاکر پسماندگان کے ساتھ تعزیت پرسی کی ۔
 

تازہ ترین