برف باری سے پیدا شدہ صورتحال

کپوارہ ، بانڈی پورہ اورکولگام میںحکام نے جائزہ لیا

تاریخ    24 جنوری 2021 (00 : 01 AM)   


اشرف چراغ +عازم جان
کپوارہ+بانڈی پورہ//ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ امام الدین نے برف باری کے بعد کپوارہ قصبہ کا تفصیلی دورہ کیا اور اشیائے ضروریہ اور لوگو ں کو در پیش مسائل کا جائزہ لیا ۔انہو ں نے اقبال مارکیٹ ،ریگی پورہ ،بائی پاس اور جامع رو ڈ کے بازارو ں کا معائنہ کیا اور سڑکو ں سے برف ہٹانے کے کام کا جائزہ لیا ۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے سب ضلع اسپتال کا بھی دورہ کیا اور وہا ں پر مریضوں کو در پیش مسائل سے متعلق جانکاری حاصل کی ۔ انہو ں نے اسپتال انتظامیہ سے کہا کہ وہ مریضوں کو بہتر طبی سہولیات میسر رکھیں تاکہ مریضوں کو کسی بھی مشکلات کاسامنا نہیں کرنا پڑے گا ۔انہو ں نے بلاک میڈیکل آفیسر کپوارہ سے کہا کہ وہ ڈاکٹرو ں کو اپنی ڈیوٹی کا پابند بنا دیں ۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ فوری طور سڑکو ں سے برف ہٹانے کا کام مکمل کریں ۔ادھر ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد کی ہدایت پر اے ڈی سی بانڈی پورہ ظہور احمد میر نے بانڈی پورہ قصبہ اور متعدد بستیوں کا دورہ کرتے ہوئے برف باری سے پیدا شدہ صورتحال کا جائزہ لیا۔ مسلسل برف باری سے معمول کی زندگی تھم گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد نے کہا کہ ضلع اور تحصیل ہڈکواٹروں پر قائم کنٹرول روموں کو متحرک کیا گیا اور برف ہٹانے کی مشینیوں کو کام پر لگایا گیا ہے ۔اس دوران ڈپٹی کمشنر کولگام شوکت اعجاز بٹ نے برف باری کے سبب پیدا ہونے والے حالات کا جائزہ لینے کے لئے ضلع کے متعدد علاقوں کا وسیع دورہ کیا۔انہوں نے اس موقع پر لیرو ، نہمہ ، باتی پورہ ، پومبے ، گوپال پورہ ، اور دیگر مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور ان علاقوں میں برف ہٹانے کی منظوری کے کاموں کی نگرانی کی۔انہوں نے لوگوں سے بات چیت کی اور ان علاقوں میں اشیائے ضروریہ کی دستیابی کے بارے میں بھی دریافت کیا۔
 
 
 

گلمرگ سب ڈویژن میں معمولات زندگی مفلوج

مشتاق الحسن
 
ٹنگمرگ //سیاحتی مقام گلمرگ ، بابا ریشی اور ٹنگمرگ میں برفباری کی وجہ سے معمولات زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے جبکہ سب ڈویژن گلمرگ کے دور دراز علاقہ جات کا زمینی رابطہ تحصیل ہیڈ کوارٹر سے منقطع ہوگیا ہے۔سنیچر کی صبح سے ہوری برفباری سے گلمرگ، بابا ریشی اور ٹنگمرگ میں زندگی کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے ۔ اگرچہ صبح کے وقت میکینکل انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ نے سرینگر گلمرگ شاہراہ سے برف ہٹائی تاہم دن بھر برفباری کا سلسلہ جاری رہنے سے ٹریفک کے چلنے میں اسقدرمشکلات پیدا ہوگئے کہ دن کے اجالے میں ہی سڑکوں سے ٹریفک غائب ہوگیا جس کی وجہ سے عام لوگوں کو کئی کلو میٹر پیدل چل کر گھروں کو پہنچنا پڑا۔ ادھر سب ڈویژن گلمرگ کے دور دراز علاقہ جات گوگلڈارہ، دارا کشی ، چھاندل، زنڈہ پال اور نملنار بابا ریشی کی سڑکوں سے برف کی موجودگی سے لوگوں کا زمینی رابطہ تحصیل ہیڈ کوارٹر ٹنگمرگ سے منقطع ہوگیا ہے ۔
 

 

تازہ ترین