تازہ برف باری کے بعد سیاحوں کی خوشی کاٹھکانہ نہ رہا

گلمرگ میں سارے ہوٹل بک،سیاحت سے جڑے افراد شادمان

تاریخ    24 جنوری 2021 (00 : 01 AM)   


 سرینگر//وادی میں تازہ برفباری کے بعد سیاحوں میں خوشی کا ماحول دیکھنے کو ملا اور سرینگر کے سیاحتی مقامات پر انہوں نے کھل کر برفباری کا لطف اٹھایا۔ ہفتے کو وادی سمیت سرینگر میں چلہ کلان کی دوسری برفباری ہوئی تو بیرون ریاستوں سے آئے ہوئے سیلانیوں کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہیں رہا۔ برفباری کے دوران ان سیلانیوں نے جھیل ڈل کے کنارے بلیوارڑ روڑ کے علاوہ شالیمار،نشاط باغ،ہارون،باٹینکل گارڈن اور چشمہ شاہی کے باہر کھل کر اپنی خوشی کا اظہار کیا۔یہ سیلانی قدرت کی خوبصورتی اور دلفریب مناظر دیکھ کر جہاں خوش ہوئے، وہی انہوں نے اپنے بہترین لمحات کو کیمرئوں میں بھی بند کیا۔جھیل ڈل میں بھی برستی برفبارئی کے دوران سیاح شکارئوں میں تصاویر کھنچتے ہوئے نظر آئے۔ یہ سیاح جھومتے ہوئے ایک دوسرے کو مبارکباد بھی پیش کر رہے تھے۔ گلمرگ میںتازہ برفباری کے باعث موسم کافی دلکش ہواہے اور بیرونی سیاحوں کی خاصی تعداد یہاں پہلے سے موجود ہے لیکن اب برف باری کے بعدمقامی افراد نے بھی گلمرگ کا رُخ شروع کیا ہے۔ یہاں لگ بھگ سارے ہوٹل سیاحوں سے بھر ے ہیں ۔ اس دوران ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی ایک خاصی تعداد معروف سیاحتی مقامات گلمرگ اورپہلگام میں لطف اندوزبھی ہوئی ۔ سیاحت سے جڑے افراد میں برفباری کے حوالے سے کافی خوشی دیکھنے کو مل رہی ہے ۔ سیاحتی مقام گلمرگ اور پہلگام کی برفیلی وادیوں میں سیاحوں کی بڑی تعداد برفباری کا لطف اٹھا رہی ہے اور وہ دنیا کے خوب صورت برف بھرے ڈھلانوں پر اسکیٹنگ کے مزے لے رہے ہیں۔ گلمرگ میں سیاحت سے جڑے افراد میں کافی خوشی دیکھنے کو مل رہی ہے اور وہ خاصی تعداد میں آئے ہوے سیلانیوں کا دل کھول کر استقبال کر رہے ہیں۔ پہلگام میں بھی ان دنوں ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کی ایک بڑی تعداد قدرت کے نظاروں سے لطف اندو ز ہو ر ہی ہے اور وہ زمین پر بچھی سفید چادر پر خوشی سے جھوم رہے ہیں۔
 

تازہ ترین