بارہ مولہ میں بیکن اہلکاروں نے مسافر گاڑی اور مسافروں کو بچالیا

تاریخ    24 جنوری 2021 (00 : 01 AM)   
(File Photo)

فیاض بخاری
 بارہمولہ //بیکن اہلکاروں نے خانپورہ بارہ مولہ کے قریب پتھروں کی زدمیں آئی مسافر گاڑی اوراس میں سوار مسافروں کو بحفاظت محفوظ مقام تک پہنچایا جس کی مقامی لوگوں اور منی بس ایسوسی ایشن نے سراہنا کی ۔بتایا جاتا ہے کہ خانپوارہ کے قریب سڑک پر پھسلن ہونے کی وجہ سے ایک منی بس پہاڑ سے ٹکرائی جس کے بعد 53آر سی سی بیکن ٹاسک فورس کے اہلکاروں نے موقعہ پر پہنچ کر مسافر بس کو بچانے کے لئے بچائو آپریشن شروع کیا اور منی بس اور مسافروں کو بحفاظت وہاں سے نکالا۔منی بس ایسوسی ایشن بارہ مولہ کے چیئرمین شکیل احمد راتھر نے کہا کہ ہم 53آرسی سی بیکن کے شکرگزار ہیں جنہوں نے فوری طور کارروائی کرکے منی بس اور اس میں سوار مسافروں کو بچالیااورضرورت کے مطابق منی بس کیلئے محفوظ راستہ بناکر گاڑی کو نکالا۔بیکن کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ جونہی انہیں اطلاع ملی توہم نے فوری طور اپنے اہلکاروں کو متحرک کیااور بچائو آپریشن کے ذریعے مسافروں کوبچایا اور گاڑی کو بھی کوئی نقصان نہیں ہوا۔ادھر لوگوں نے بھی بیکن عہدیداروں کی کوششوں اوران کی بروقت کارروائی کو سراہا۔
 

بونیارمیں پتھر لڑھک آیا

ایس دی ایم اوڑی بال بال بچ گئے

الطاف بابا
 
بارہ مولہ//سب ڈویژنل مجسٹریٹ اوڑی اُس وقت بال بال بچ گئے جب بونیار دورہ کے دوران پہاڑ سے ایک بڑا پتھرآگرا۔اطلاعات کے مطابق سب ڈویژنل مجسٹریٹ اوڑی ریا ض احمد اپنے حفاظتی عملے ساتھ بونیار کے ایک گائوں کے دورے پرتھے جب پہاڑ سے ایک بڑا پتھرآگراتاہم سب ضلع مجسٹریٹ اس واقعہ میں پی ایس او سمیت معجزاتی طور بچ نکلے۔پولیس حکام کے مطابق ایس ڈی ایم کی سرکاری گاڑی بونیار گائوں میں ایک گائوں کے درے سے گزرنے والی تھی کہ پہاڑ سے ایک بڑاپتھرآگرااورایس ڈی ایم اوران کا ذاتی محافظ بال بال بچ گئے۔

تازہ ترین