حیدرپورہ، بڈشاہ نگر نٹی پورہ ماگام اور لارکی پورہ میں آگ کی وارداتیں

۔2رہائشی مکان خاکستر، دارالعلوم اور دکان کو نقصان

تاریخ    23 جنوری 2021 (00 : 01 AM)   


بلال فرقانی+عارف بلوچ
سرینگر+اننت ناگ// حید پورہ،بڈشاہ نگر نٹی پورہ ، ماگام اور لارکی پورہ اننت ناگ میں آتشزدگیوں کے الگ الگ واقعات میں2رہائشی مکان خاکستر ہوگئے جبکہ دارالعلوم اور دکان کو نقصان پہنچا۔ گلوان پورہ حیدر پورہ میں قائم دارالعلوم سیدہ حفصہؓ اسلامیہ میں جمعرات کورات دیر گئے آگ نمودار ہوئی ۔آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی فائر سروس عملہ جائے واقعہ پر پہنچ گیا اور آگ پر قابو پالیاگیا۔ آگ لگنے سے دارالعلوم میں موجود سامانا، دینی کتب خاکستر ہوگئیں۔ مقامی لوگوںکاکہنا ہے کہ آگ کا یہ واقعہ رونماہوتے وقت عمارت میں قریب 12 طالب علم اورمعلم موجودتھے اور انہیں بحفاظت وہاں سے نکالاگیا۔اس دوران بڈشاہ نگرنٹی پورہ سرینگر میں جمعرات کوبجلی شارٹ سرکٹ کی وجہ سے ایک دکان میں آگ نمودار ہوگئی ۔آگ کو دیگر دکانوں تک پھیلنے سے پہلے ہی قابو پالیاگیا۔دریں اثناء ماگام بڈگام میں بھی جمعرات کی شب ایک رہائشی مکان میں آگ نمودار ہوئی ۔آگ لگنے سے پورامکان اور اس میں موجود ساراسامان جل کرخاکسترہوگیا تاہم افرادخانہ کو بچا لیا گیا۔ماگام پولیس نے اس سلسلے میں معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔دریںاثناء فتح پورہ لارکی پورہ میں جمعہ کی دوپہر محمد حسین ملک کے رہائشی مکان سے اچانک آگ نمودار ہوئی جس نے پورے مکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اس بیچ مقامی لوگ و فائرسروس عملہ نے جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا ۔ آگ کے واقعہ میں مکان اور اس میں موجود لاکھوں روپے کا سامان خاکستر ہوگیا۔آگ لگنے کی وجوہات کا پتہ لگایا جا رہا ہے۔
 

تازہ ترین