سیاسی مخالفین کی تنگ طلبی جمہوری نظام کا حصہ نہیں؛نیشنل کانفرنس

تاریخ    23 جنوری 2021 (00 : 01 AM)   


سرینگر// نیشنل کانفرنس کے اراکین پارلیمان محمد اکبر لون اور جسٹس (ر) حسنین مسعودی نے قیدیوں خصوصاً سیاسی لیڈران کی رہائی کا مطالبہ کیاہے۔ دونوں لیڈران نے کہا کہ کشمیر کے سیاسی لیڈران کو نشانہ بنانا ،تنگ طلب کرنا اور بلاجواز طریقے پر نظربند رکھنا معمول بن کر رہ گیا ہے۔ ایک بیان میںانہوں نے کہا کہ سیاسی لیڈران کیساتھ اس طرح کا نارواسلوک روا رکھنا ایک انتہائی تشویشناک صورتحال کی عکاسی کرتا ہے۔ اُن کا کہنا تھاکہ سیاسی لیڈران کی نظربندی اور تنگ طلبی سے اس بات کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ عام لوگوں کو کس صورتحال کا سامنا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفین کی بلاوجہ تنگ طلبی اور بلاجواز نظربند ی کسی بھی جمہوری نظام کا حصہ نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے کہاکہ سیاسی انتقام گیری کی بنا پر کسی بھی فرد کی انفرادی آزادی پر قدغن نہیں لگائی جاسکتی ہے، یہ آئین اور قانون کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔ پارٹی لیڈران نے کہا کہ جیلوں میں مقید سیاسی لیڈران یا عام قیدیوں میں سے بہت سارے ایسے ہیں جن کی صحت انتہائی خراب ہے، اس لئے حکومت کو چاہئے کہ وہ سیاسی قیدیوں کے علاوہ اُن افراد کی رہائی فوری طور پر یقینی بنائے جن کیخلاف سنجیدہ نوعیت کے معاملے درج نہیں ہیں۔ 
 

تازہ ترین