سرینگر جموں شاہراہ| آج صرف درماندہ گاڑیوں کو نکالا جائیگا

تاریخ    20 جنوری 2021 (00 : 01 AM)   


محمد تسکین
بانہال // ٹریفک پولیس ہیڈکوارٹر کی طرف سے جاری ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ آج 20جنوری بروز بدھ سرینگر جموں شاہراہ پر جموں اور سرینگر سے کسی بھی گاڑی کو چلنے کی اجازت نہیں ہو گی جبکہ 22جنوری بروز جمعہ سڑک کی مرمت کے پیش نظر ٹریفک کو بند رکھا جائے گا۔ ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ منگل کو جموں سے سرینگر کی طرف گاڑیوں کو چلنے کی اجازت دی گئی، لیکن ادھمپور سے سرمولی، ناشری اورکیلا موڑ  پر بدترین ٹریفک جام رہا جبکہ مگھر کوٹ میں پسی گر آئی جسے صاف کرنے میں کئی گھنٹے لگ گئے۔ ٹریفک جام اور پسی گرنے کی وجہ سے سینکڑوں کی تعداد میں مسافر ومال بردار گاڑیاں درماندہ ہو کر رہ گئیں اور شام دیر گئے تک، مسافر اور مال بردار گاڑیاں کچھوے کی چال کی مانند سرینگر کی طرف بڑھ رہی تھیں ۔کیلا موڑ رام بن کے نزدیک بیلی برج پر یکطرفہ ٹریفک کی وجہ سے بھی ٹریفک جام ہوا ، اور دونوں طرف سے گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ٹریفک پولیس کے مطابق شام دیر گئے تک چند سو گاڑیاں ہی رام بن اور بانہال سیکٹر کوپار کر کے وادی میں داخل ہوئی تھیں جبکہ ٹریفک جام کی بد ترین صورتحال کی وجہ سے ہزاروں کی تعداد میں مسافر اور مال بردار گاڑیاں شاہراہ کے مختلف حصوں میں درماندہ ہو کر رہ گئیں ہیں ۔بیاں میں مزید کہا گیا ہے کہ صورتحال کا باریک بینی سے جائزہ لینے کے بعد اس بات کا فیصلہ لیا گیا کہ بدھ کو سرینگر اور جموں سے مسافر یا مال بردار گاڑیوں کو شاہراہ پر چلنے کی اجازت نہیں ہو گی، البتہ اس دوران ادھمپور ضلع کے حدود میں درماندہ سینکڑوں کی تعداد میں مال بردار گاڑیوں کو سرینگر کی طرف چھوڑ دیا جائے گا ۔وادی سے بھی کسی بھی مسافر ، مال بردار یا پھر سیکورٹی فورسز کی گاڑی کو چلنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ایڈوائزری میں مزید کہا گیا ہے کہ بدھ کو شاہراہ پر صرف درماندہ ٹریفک کو نکالنے کی کوشش ہوگی لیکن جمعہ کو حسب معمول شاہراہ کی مرمت کی پیش نظر دونوں اطراف سے ٹریفک بند رہے گا ۔
 

تازہ ترین