تازہ ترین

اتحاد توقع سے قبل ہی ٹوٹ گیا:الطاف بخاری

تاریخ    20 جنوری 2021 (00 : 01 AM)   


نیوز ڈیسک
سرینگر//پیپلزکانفرنس کے عوامی اتحاد برائے گپکار اعلامیہ سے اخراج کو ’بے اصول اور موقعہ پرست اتحاد‘ کے ٹوٹ جانے کی شروعات قراردیتے ہوئے’ اپنی پارٹی ‘ صدرالطاف احمد بخاری نے کہا کہ یہ صورتحال لوگوں کی توقعات سے بہت پہلے ہی پیدا ہوئی۔بخاری نے کہا کہ عوامی اتحاد کی قیادت معرض وجودمیں آنے کے دن سے ہی فراڈ،دھوکہ دہی اور لوگوں کے جذباتی بلیک میل میں ملوث رہی تاکہ اس کی اکائیوں کوسیاسی طور فعال رکھا جائے اورحالیہ منعقد ہوئے ضلع ترقیاتی کونسل انتخابات میں فوائد حاصل کئے جائیں۔ بخاری نے کہا کہ یہ صورتحال بہت پہلے ہی پیش آئی اور ہم نے اس کے بارے میں سوچا نہیں تھا۔عوامی اتحاد کے دستخط کنندگان کی یہ ساری سیاسی اچھل کودلوگوں کے جذبات سے کھیلنا تھااوراسے اپنے انتخابی فائدے کیلئے استعمال کرناتھا۔وقت آیا ہے جب نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی کی قیادت کو اپنا محاسبہ کرکے لوگوں کااستحصال کرنے سے گریز کرناچاہیے ۔
اپنی پارٹی صدر نے کہا کہ ’’نام نہاد‘‘ عوامی اتحاد نے پہلے ہی لوگوں کے مزاج کوبھانپ لیاتھا جوان کے انتخابی وعدوں اورقیادت کے بلند دعوئوں کے نتائج دیکھنے کے متمنی تھے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ پارٹیاں جموں کشمیرکے لوگوں کومختلف نعروں سے دھوکہ دیتے رہی ہیں۔لیکن اب جموں کشمیرمیں کوئی ان کے نعروں کاخریدار نہیں ہے اوران موقعہ پرست سیاسی جماعتوں کے بہکاوے میں آنے والانہیں ہے ۔لوگوں نے پہلے ہی اس اتحاد کے ٹوٹ جانے کی پیش گوئی کی تھی۔انہوں نے مزیدکہا کہ پیپلزکانفرنس کے نام نہاد ’گپکاراتحاد‘سے اخراج سے لوگوں کو پتہ چل گیا ہے کہ حقیقی بی ٹیم کون ہے اور بادشاہ کی جماعت کون ہے۔انہوں نے کہا کہ کل تک جو ہمیں برابھلا کہہ رہے تھے ،اب جان چکے ہوں گے کہ کون بی ٹیم ہے ۔اپنی پارٹی صدر نے کہا کہ ان کی جماعت سچی سیاست کیلئے وعدہ بند ہے اور کبھی سیاسی تماشہ بازی نہیں کریں گی جو نام نہاد ’’عوامی اتحاد‘‘میں شامل جماعتوں کاشیوہ رہا ہے۔
 

تازہ ترین