تازہ ترین

ٹرک نالہ بشلڑی میں لڑھک گیا، ڈرائیور لاپتہ

ٹرالر چٹان کی زد میں آیا ،سوار معجزاتی طور بچ نکلے

تاریخ    19 جنوری 2021 (00 : 01 AM)   


محمد تسکین
 بانہال// جموں سرینگر شاہراہ پرپیر کے روز شیر بی بی اور رام بن میں پیش آئے سڑک کے دو الگ الگ حادثوں میں ایک شخص زخمی ہوا ہے جبکہ ایک نالہ بشلڑی میں لاپتہ ہوگیا ۔ پہلا حادثہ پیر کی علی الصبح تین  اورچار بجے کے درمیان بانہال کے شیر بی بی علاقے میں اسوقت پیش آیا جب وادی کشمیر سے جموں کی طرف جانے والا ٹرک شاہراہ سے لڑھک کر نالہ بشلڑی میں گر گیا۔ حادثے کی خبر ملتے ہی پولیس ، کیو ار ٹی رامسو اور بانہال والنٹیرس نے بچائو کاروائیوں کا آغاز کیا لیکن نالے میں گرے ٹرک سے ایک زخمی سمت سنگھ ساکن حصار ہریانہ کو نکالا گیا اور گاڑی ڈرائیور سمیت مزید دو افراد کی موجودگی کے بارے میں معلوم ہونے کے بعد بچاؤ کارروائیوں میں شامل ٹیموں نے ناچلانہ تک نالہ بشلڑی کا چپہ چپہ چھان مارا لیکن حادثے کے بعد مبینہ طور پر لاپتہ ہوئے افراد کا کوئی پتہ نہیں چل سکا۔ حادثے کی وجہ سے حواس باختہ زخمی نے بعد میں پولیس کو بتایا کہ گاڑی میں اسکے بغیر ڈرائیور بھی تھا جس کی شناخت اس نے مونو ولد دھرم ویر سنگھ ساکن حصار ہریانہ کے طور کی۔ ایس ایس ایچ او بانہال نعیم الحق نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بچ نکلنے والے شخص کو بانہال ہسپتال سے مزید علاج کیلئے گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ منتقل کیا گیا ہے اور اس کے بیان کی بنیاد پر حادثے کے بعد لاپتہ ہوئے شخص کی تلاش پیر کی شام تک جاری تھی۔ انہوں نے کہا کہ کرین کی مدد سے گاڑی کو دریا سے کھینچ کر سیدھا بھی کیا گیا لیکن مبینہ طور لاپتہ ڈرائیور کا کوئی اتہ پتہ نہیں چل پایا ۔ اس دوران پیر کی دوپہر بعد رام بن کے نزدیک کیفٹیریا موڑ کی پسی میں کشمیر سے جموں جانے والا ایک ٹرالرایک بھاری چٹان کی زد میں آیا اور ٹرک کی باڈی توڑ کرچٹان کا ایک حصہ لڑھک کر خالی ٹرک کے پیچھے ٹرالی پر آگرا۔تاہم ٹرک کے سوار معجزاتی طور بچ نکلے ۔ بعد میں ٹرک کو  پسی سے باہر نکالا گیا۔
 
 

تازہ ترین