تازہ ترین

جعلی تعیناتیوں کی جانچ

حقائق جاننے کیلئے سہ رکنی کمیٹی کاقیام

تاریخ    16 جنوری 2021 (00 : 01 AM)   


بلال فرقانی
سرینگر// حکومت نے فروغ ہنر محکمہ اور اس سے منسلک خود مختار اداروں میں جعلی تعیناتیوں کی جانچ کیلئے حقائق کی تلاش سے متعلق کمیٹی کا سر نو  قیام عمل میں لایا ہے،جس کی کمان شہری ترقی و مکانات کے پرنسپل سیکریٹری کو سونپی گئی ہے،جبکہ کمیٹی کوایک ماہ کے اندر اپنی رپورت پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ سرکار نے اس سلسلے میں با ضابطہ طور پر ایک حکم نامہ بھی جاری کیا،جس میں3رکنی کمیٹی کے قیام کو ہری جھنڈی دکھائی گئی ہے۔کمشنر سیکریٹری محکمہ عمومی انتظامی محکمہ منوج کمار دیویدی کی جانب سے جاری حکم نامہ میں کہا گیا’’ گورنمنٹ آرڈر نمبر 578-GAD  آف 2019 محررہ 11مئی 2019 کے تناظر میں محکمہ فروغ ہنر اور اس کے انتظامی کنٹرول کے تحت آنے والے خود مختار اداروں و کارپوریشنوں میں سال 2010  سے  لیکر 2018 تک  جعلی تعیناتیوں کی جانچ کیلئے سرکاری حکم نامہ کے تحت حقائق کی تلاش سے متعلق کمیٹی کے قیام کو منظوری دی جاتی ہے‘‘۔اس تین رکنی کمیٹی کی کمان شہری ترقی و مکانات کے پرنسپل سیکریٹری کو دی گئی جبکہ محکمہ آفات سماویٰ،ریلیف،باز آبادکاری اور تعمیر نو کے سیکریٹری اور محکمہ قبائلی امور کے انتظامی سیکریٹری اس کے ممبر ہونگے۔ کمیٹی کو یہ اختیار دیا گیا ہے کہ وہ اِن افراد کی نشاندہی کرے گی جو ان جعلی(اگر کوئی ہے) تعیناتیوں میں ملوث افراد کی نشاندہی کرے۔کمیٹی کو اس حوالے سے 15 فروری تک اپنی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔