تازہ ترین

چوئی منکوٹ میں لفٹ سکیم دو برسوں سے بند

وسیع سرحدی آبادی پانی کی بوند بوند کو ترساں

تاریخ    14 جنوری 2021 (00 : 01 AM)   


جاوید اقبال
مینڈھر//سب ڈویژن مینڈھر کی سرحدی پنچائت اپر منکوٹ کے علاقہ چوئی منکوٹ کی وارڈ نمبر 9  میں لفٹ سکیم گذشتہ دو برسوں سے لگاتار بند ہے اور سرحدی علاقہ میں بسنے والے لوگ پانی کی بوند بوند کیلئے ترس رہے ہیں۔ علاقہ سے تعلق رکھنے والے چوہدری میر محمد کا کہنا ہے کہ لفٹ سکیم بند ہونے سے اپر منکوٹ پنچائت سے تعلق رکھنے والے بیشمار لوگ پانی سے محروم ہیں اور محکمہ جل شکتی کے ملازمین ٹس سے مس نہیں ہورہے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ وارڈ نمبر 9جوکہ بالکل ہی سرحد پر پڑتا ہے ،میں فوج پانی دیتی ہے اور ہماری درجنوں خواتین دو سے تین کلومیٹر کا سفر کرکے فوج کے کیمپ کے نزدیک سے جاکر پانی لاتی ہیں لیکن متعلقہ محکمہ اور انتظامیہ سرحد پر بسنے والے لوگوں کو بنیادی سہولیات فراہم نہیں کررہی ہے۔ انکا کہنا تھا کہ یہ ایک ایسا علاقہ ہے جہاں پر کسی بھی وقت پاکستانی فوج گولہ باری کرسکتی ہے لیکن انتظامیہ لوگوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے میں پوری طرح ناکام ثابت ہورہی ہے۔ انکا کہنا تھا کہ محکمہ جل شکتی کے اعلی ملازمین کو باربار لفٹ سکیم درست کرنے کیلئے کہا گیا لیکن محکمہ آج اور کل کرتاہے اور علاقہ کے لوگ بری طرح متاثر ہیں ۔لوگوں نے گورنرر انتظامیہ اور ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کی ہے کہ سرحدی علاقہ میں بسنے والے لوگوں کو پانی فراہم کیا جائے ورنہ لوگ سڑکوں پر اتر کر احتجاج کریں گے جسکی ذمہ داری محکمہ کے اعلی حکام پر عائد ہوگی ۔