تازہ ترین

کیلا موڑ رام بن میں بیلی برج پر کام شروع،2دن میں ٹریفک کی بحالی ممکن

تاریخ    14 جنوری 2021 (00 : 01 AM)   


محمد تسکین
بانہال // اتوار کی شام رام بن کے کیلا موڑ پل کے قریب شاہراہ  اور اس کی دیوار ڈھہ جانے سے جموں اور سرینگر کے درمیان زمینی رابطہ تیسرے روز بھی منقطع رہا البتہ بارڈر روڈ آرگنائزیشن نے کیلا موڑ کے مقام پر بیلی برج پر کام شروع کردیا ہے اور اسکے لئے درکار میٹریل کو یہاں پر لانے کی کارروائی شروع کردی ہے۔ پیر کو نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا اور دیگر عہدیداروں کی میٹنگ کے بعد رابط بحالی کیلئے کیلا موڑ کے مقام پر بیلی برج بنانے کا فیصلہ کیا گیا اور اس کیلئے بی آر او کی مدد طلب کی گئی تھی۔ ڈپٹی کمشنر رام بن ناظم زئی خان نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے حکام سے کہا گیا کہ وہ شاہراہ کو پانچ سات روز میں بحال کرکے دیں اور انہوں نے بھاری مشینری اور افراد ی قوت کے ساتھ بحالی کا کام جاری رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران بیلی برج بنانے کے فیصلے کے بعد بارڈر روڈ آرگنائزیشن حکام سے بات کی گئی، جنہوںنے انہیں یقین دلایا کہ بیلی برج کی تعمیر کیلئے جمعرات کو ضروری ساز و سامان اور مشینری کو کیلا موڑ بھیج کر کام شروع کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ کیلا موڑ پل کے قریب نکلی بھاری بھرکم سڑک کے حصے کی بحالی کا کام اگرچہ سرعت سے جاری ہے تاہم سڑک کے ایک بڑے حصے کو تعمیر کرکے دوبارہ قابل آمدورفت بنانا صبر آزما ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیلی برج کے علاؤہ ایک سڑک ڈائیورشن بھی بنایا جائے گا تاکہ کیلا موڑ پل کے مقام پر سڑک کی کمزوری سے دوچار سڑک کا متبادل موجود رہے۔ اس دوران بیلی برج بنانے کی ٹیم میں شامل بارڈر روڈ آرگنائزیشن کے ایک سینئرآفیسر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ وہ کیلا موڑ کے مقام  پرموجود ہیں اور بیلی برج بنانے کیلئے سامان کو اکٹھا کرنے کا کام شروع کیا گیاہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں بیلی برج بنانے کیلئے 2دن کی مہلت دی گئی ہے، لیکن اس سے پہلے ہی بیلی برج مکمل کرکے منقطع رابط کو بحال کرنے کی ہرممکن کوشش کی جائیگی۔ انہوں نے کہا بیلی برج کو زمین کی سخت سطح پر کھڑا کیا جائیگا۔