تازہ ترین

لیفٹیننٹ گورنر کا شہر سرینگر کا طوفانی دورہ

لازمی خدمات کی بحالی ، برف ہٹانے اور بجلی کی ترسیل پر رپورٹ طلب

تاریخ    14 جنوری 2021 (00 : 01 AM)   


نیوز ڈیسک
سرینگر//کشمیر میں برفباری سے پیدا شدہ صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بدھ کو شہر سری نگر کا دورہ کر کے سڑکوں سے برف ہٹانے ، لازمی خدمات اور سپلائی کے بحالی کے کام کا جائز ہ لیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے متاثرہ خدمات کی بحالی کے لئے اُٹھائے گئے اِقدامات سے متعلق افسران سے اس سلسلے میں راج بھون میں منعقدہ میٹنگ کے دوران  سڑکوں ، پانی اور بجلی کی بحالی سے متعلق مفصل رِپورٹ طلب کی ۔ انہیں بتایا گیا کہ گزشتہ کئی دِن سے جاری برفباری سے وادی کشمیر میں عام زندگی متاثرہ ہوئی تاہم انتظامیہ نے جنگی پیمانے پر بحالی کام شروع کئے تاکہ لوگوں کو کسی بھی قسم کی دِقتوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔لیفٹیننٹ گورنر نے تمام متعلقہ افسروں کو سڑکوں سے فوری طور برف ہٹانے اور تمام گلی کوچوں سے پانی کی نکاسی کے لئے تمام اِقدامات اٹھانے کے لئے کہا۔ اُنہوں نے متعلقہ حکام کو بحالی کاموں کی نگرانی کرنے اور ان مقامات پر لازمی سہولیات فوری بحال کرنے کے لئے چوبیس گھنٹے کام کریں جہاں اب تک یہ سہولیا ت بحال نہیں ہوئی ہے ۔انہوں نے افسروں کو عوام کی خدمت میں پیش پیش رہنے کی ہدایت دی اور تمام لازمی خدمات بشمول صحت سہولیات وادی بھر میںعام لوگوں کے لئے بلارکاوٹ بہم رکھنے کے لئے کہا۔لیفٹیننٹ گورنر نے اعلیٰ افسران کو شہر کی گلی کوچوں اور دیہات کی ذیلی سڑکوں سے برف ہٹانے کے لئے افرادی قوت اور مشینری کو متحرک رکھنے کی ہدایت دی ۔لیفٹیننٹ گورنر کو بتایا گیا کہ کشمیر کے تمام اضلا ع میں بجلی کی ترسیل بحال کی گئی ہے اور 115 33کے وی لائینوں اور 255 رسیونگ سٹیشن بحال کئے گئے ہیں بجزرسیونگ سٹیشن مژھل جس پر بحالی کا کام جاری ہے۔انہیں مزید بتایاگیا کہ 951 (11KV) فیڈ ر بحال کئے گئے ہیں جبکہ 945 ناکارہ بجلی ٹرانسفارمروں میں سے 720 بحالی کئے گئے ہیں جبکہ باقی ٹرانسفارمروں کی مرمت کا کام جاری ہے۔اسی طرح محکمہ تعمیرات عامہ حکام نے انہیں بتایا کشمیر بھر میں 8026 کلومیٹر طویل سڑک مسافت میں سے 7892 کلومیٹر پربرف ہٹائی گئی جبکہ چند دور دراز علاقوں جہاں بھاری برفباری ہوئی جن میں شوپیا ن، بڈگام اور کولگام علاقے شامل ہیں ،کی سڑکوں پر برف ہٹانے کا کام شد و مد سے جاری ہے۔بعد میں لیفٹیننٹ گورنر نے سری نگر شہر کا طوفانی دورہ کر کے سڑکوں سے برف ہٹانے دیگربحالی کاموں کا معائینہ کیا۔ لیفٹیننٹ گورنرنے لالچوک ، ٹی آر سی کراسنگ سونہ وار، ڈلگیٹ ، نشاط ، فور شور روڑ ،حضرت بل ، سعیدہ کدل ،رعناواری ، خانیار ، دستگیر صاحب ؒ، باباڈیمب ، منور آباد اورشہر سری نگر کے دیگر علاقوں کا دورہ کیا اور حالات کا از خود جائزہ لیا ۔للت گھاٹ پر لیفٹیننٹ گورنر نے شکاروں والوں کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے سیاحتی صور تحال کے بارے میں جانکاری حاصل کی اور شکارہ والوں سے انہیں اپنے درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔ لیفٹیننٹ گورنر نے انہیں یقین دلایا کہ ان کی جانب سے اٹھائے گئے جائز مسائل کا فوری طور ازالہ کیا جائے گا۔
 

 مہلوک سنارکے افرادِ خانہ سے ملے 

نیوز ڈیسک
 
سر ینگر// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا  بدھ کو سرائے بالا سری نگر میں ملی ٹینٹوں کے ہاتھوں ہلاک کئے گئے سنار ست پال نسچل کے گھر گئے اور آنجہانی کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار یگانگت کیا۔ہلاکت کی سخت مذمت کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ اعلیٰ سطحی تحقیقات پہلے ہی شروع کی گئی ہے اور اس بیہمانہ فعل کے مرتکب مجرموں کو عنقریب کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔لیفٹیننٹ گورنر نے آنجہانی سے اِظہار ِتعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے بزدلانہ فعل کے مرتکب افراد بنا سزا نہیں چھوڑا جائے گا۔لیفٹیننٹ گورنر کو آنجہانی کے افرادِ خانہ نے جانکاری دی کہ ان کا کنبہ گزشتہ پچاس سال سے کشمیر میں قیام پذیر ہے اور مقامی لوگوں کے ساتھ ان کے نہایت ہی اچھے تعلقات ہیں۔ دورے کے دوران اُن کے ہمراہ چیف سیکریٹری بی وی آر سبھرامنیم ،صوبائی کمشنر کشمیر پانڈورانگ کے پولے،آئی جی پی کشمیر وِجے کمار اور ضلع ترقیاتی کمشنر ڈاکٹر شاہد اِقبال چودھری تھے۔