کورونا : ویکسین آنے تک احتیاط ہی علاج ہے

تاریخ    6 جنوری 2021 (00 : 01 AM)   


 دنیا کے مختلف ممالک میں کورونا وائرس کی دوسری لہر شروع ہوچکی ہے اور بتایا جاتا ہے کہ یہ لہر پہلے سے بھی زیادہ خطرناک ہے۔دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں کورونا معاملات میں ایک بار پھر اضافہ کو دیکھتے ہوئے نئے سرے سے جزوی اور مکمل لاک ڈائون کا نفاذ عمل میں لایاجارہا ہے جس کا سیدھا سا مطلب یہ ہے کہ عالمی معیشت میں مزید تنزلی آسکتی ہے کیونکہ کورونا لاک ڈائون کی وجہ سے اقتصادی سرگرمیوں میں مزید ٹھہرائو فطری ہے ۔ہمارے یہاں صورتحال اگر چہ قدرے بہتر ہے تاہم کورونا کی دوسری سٹرین سے متاثرہ ایسے افراد سامنے آرہے ہیں جو یورپ یا برطانیہ سے حالیہ ایام میں واپس وطن لوٹ چکے تھے ۔اس بات سے بھی انکار نہیںہے کہ یہاں ابھی کورونا کی پہلی لہر رفتہ رفتہ تھم رہی ہے اور کورونا معاملا ت میں بتدریج کمی واقع ہورہی ہے تاہم معیشت کا پہیہ ابھی بھی پوری طرح بحال نہیں ہوچکا ہے اور اقتصادی سرگرمیاں بدستور متاثر ہیں ۔ملک کی مجموعی گھریلو پیداوار مسلسل غیر اطمینان بخش ہے اور سرمایہ کاری نہ ہونے کے برابر ہے جبکہ آمدنی کے ذرائع محدود ہونے کی وجہ سے کھپت میں بھی بھاری گراوٹ درج کی گئی ہے۔
 یہ صورتحال آنے والے مشکل ترین ایام کی جانب اشارہ کررہی ہے۔کہنے کو تو لوگ بہت کچھ کہیں گے لیکن ملک کی شرحِ نمو میں یہ گراوٹ دراصل کورونا وائرس کی دین ہے اور اقتصادی ماہرین نے پہلے ہی اس کی پیشگوئی کی تھی۔دراصل کورونا وائرس کے ابتدائی ایام میں 25مارچ سے ملک میں68روزہ طویل کورونا لاک ڈائون بھی چلاجس کی وجہ سے معمولات زندگی ٹھپ ہوکر رہ گئے تھے اور جب زندگی کے تمام شعبے مفلوج ہوجائیں تو معیشت کا گرجانا فطری عمل ہے ۔یہ اکیلے بھارت کا ہی معاملہ ہے بلکہ دنیا کی سبھی بڑی معیشتوں کا یہی حال ہے۔جہاں برطانوی معیشت میں بھی بیس فیصد سے زائد کی گراوٹ ریکارڈ کی گئی وہیں امریکی معیشت بھی دس فیصد کے خسارے سے دوچار ہوچکی ہے جبکہ دیگر ترقی یافتہ ممالک کا حال بھی اس سے کچھ مختلف نہیں ہے ۔
ماہرین اقتصادیات روز اول سے کہہ رہے تھے کہ کورونا عالمی معیشت کو لے ڈوبے گا اور فی الوقت ویسی ہی صورتحال دیکھنے کو مل رہی ہے کیونکہ پوری دنیا کا معاشی نظام لرزہ براندام ہوچکا ہے ۔ہمارا ملک چونکہ ابھی ترقی پذیر ممالک کی فہرست میں ہی شامل ہے تو یہاں اس کے اثرات زیادہ نمایاں ہونا طے تھا اور وہی کچھ ہوا بھی لیکن اس کے باوجود سرکار نے اپنی طرف سے عوام کو راحت پہنچانے کی ہر ممکن کوشش کی ہے ۔سرکاری سیکٹر میں کھپت میں اضافہ کا رجحان اس عرصہ کے دوران جو دیکھنے کو مل رہا ہے ،وہ دراصل اس مدت کے دوران سرکار کی جانب سے معمول سے زیادہ صرفہ کی وجہ سے ہوا ہے ۔ہمیں یہ یاد رکھنا چاہئے کہ اس مدت میں سرکار کو نہ صرف طبی نظام کو اَپ گریڈ کرنے پر زرِ کثیر صرف کرناپڑا بلکہ عوامی راحت رسانی کے کاموں پر بھی کھربوں روپے خرچ کئے گئے، جن میں مفت چاول اور گیس کی تقسیم بھی شامل ہے ۔اس کے علاوہ معیشت کو سہارا دینے کیلئے اس محاذ پر جو سرکاری اقدامات کئے گئے ،اُن سے بھی خزانہ عامرہ پر بوجھ پڑ گیا اور سرکاری کھپت میں جواضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے ،وہ ایسے ہی فلاحی اقدامات کا مرہونِ منت ہے ۔
اب سوال پیدا ہوتا ہے کہ جب عالمی معیشت کا یہ حال ہے تو آگے کیا ہوگا ۔ظاہر ہے کہ اس وقت جو صورتحال ابھر کر سامنے آرہی ہے،وہ کوئی اطمینان بخش صورتحال قرار نہیں دی جاسکتی ہے اور اس کے دور رس اثرات مرتب ہونا طے ہے تو مطلب یہ ہے کہ ہمیں ایسی صورتحال کا سامنا کرنے کیلئے تیار رہنا ہوگا۔اس کا جو فوری اثر ہوگا ،وہ ٹیکس کھاتوں پر ہوگا کیونکہ ٹیکس وصولی بری طرح متاثر ہوگی اور اس کا خمیازہ مرکز اور ریاستوں دونوں کو بھی بھگتناپڑے گا۔جب آمدن ہی نہ ہوئی ہو تو ٹیکس جمع کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ہے اور جب ٹیکس جمع نہ ہونگے تو سرکاری خزانہ کی حالت مزید پتلی ہوسکتی ہے، جس کا مطلب یہ ہے کہ آنے والے دنوں میں ہمیں مزید کچھ اچھی خبریں سننے کو نہیں مل سکتی ہیں۔
یہ ساری صورتحال بیان کرنے کامقصد دراصل عوام کو اس تلخ حقیقت سے روبرو کرا نا ہے کہ کورونا نے سارے معاشی نظام کو تلپٹ کرکے رکھدیا ہے اور یہ وقت ہے کہ ہم سدھر جائیں اور ذمہ دار شہریوں کا برتا ئو کرتے ہوئے اس وبائی بحران سے خلاصی پانے میں حکومت کی مدد کریں ۔اس میں کوئی دورائے نہیں کہ کورونا انسانی سماج میں بہت گہرائی تک سرایت کرچکا ہے اور اگر اب ہمیں کوئی اس وباء سے بچا سکتا ہے تو وہ ہم خود ہیں ۔ہمیں ہی اس نئی حقیقت کا ادراک کرتے ہوئے اپنے جینے کا طریقہ تبدیل کرنا ہوگا اور کورونا کے ساتھ ہی جینا سیکھنا ہوگا۔
ویکسین بلاشبہ آنے والے دنوںمیں آنے والی ہے اور عنقریب ویکسین دینے کا پہلا مرحلہ شروع ہوسکتا ہے تاہم اس کے باوجود بھی احتیاط لازم ہے ۔فی الوقت احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد ہی ہمیں اس آفت سے بچاسکتا ہے اور یہ احتیاطی تدابیر اس قدر آسان ہیں کہ ان پر اتنا خرچہ بھی نہیںہے اور آسانی سے عمل بھی کیاجاسکتا ہے ۔وقت آچکا ہے جب ہمیں لاپر واہی اور غیر ذمہ داری کے روایتی انداز کو ترک کرکے ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت پیش کرنا چاہئے کیونکہ اگر ہم ابھی بھی نہیں سنبھلیں گے تو آنے والے وقت میں اگر یہاں کورونا کی دوسری لہر پھیلتی ہے تومزید تباہی سے ہمیں کوئی نہیں بچا سکتا ہے اور وہ تباہی دونوں صورتوں میں ہوگی ۔ہمیں بھاری جانی نقصان سے بھی دوچار ہونا پڑے گا اور مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا۔
اب گیند عوام کے پالے میں ہے اور عوام کو ہی فیصلہ کرنا پڑے گا کہ وہ کیا چاہتے ہیںتاہم اُمید یہی کی جاسکتی ہے کہ عوام شر پر خیر کو ترجیح دینگے جس سے حکومت کا کام بھی آسان ہوسکتا ہے اور کوروناوبا سے نڈھا معیشت کو بھی واپس پٹری پر لانے کے اقدامات کئے جاسکتے ہیں۔
 

تازہ ترین