تازہ ترین

اساتذہ کوتعلیم وتحقیق کے جدید تقاضوں سے باخبررہنا چاہیے:پروفیسرطلعت

کشمیر یونیورسٹی میں سائنس میں اساتذہ کیلئے15روزہ ریفریشر کورس شروع

تاریخ    3 جنوری 2021 (00 : 01 AM)   


سرینگر//اساتذہ اور تعلیمی ماہرین کو اُن کے مضامین میں ہورہی نئی تبدیلیوں سے واقف رہنا چاہیے تاکہ وہ تعلیم وتحقیق میں اُبھررہی کثیر الجہتی ترقی سے مستفید ہوں۔کشمیر یونیورسٹی کے انسانی وسائل کی ترقی سے متعلق سیل کی جانب سے منعقدہ دو ہفتوں تک جاری رہنے والے سائنس ریفریشر کورس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسرطلعت احمدنے کہا ،’’تعلیم وتحقیق کا مجموعی منظر نامہ تبدیل ہورہا ہے ،ہر چیزمدغم ہورہی ہے اوراب بین الاشعبہ جاتی وکثیرالشعبہ جاتی طریقہ کار کام کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بی حیثیت استاد کے ہم ایک مضمون میں خصوصیت رکھتے ہیں لیکن ہمیں دوسرے مضامین میں بھی بہت کچھ جاننا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ ریفریشر کورس اساتذہ کی ترقیوں کیلئے لازمی ہیں تاہم ان سے وہ جدیداورتازہ معلومات بھی حاصل کرتے ہیں,جو وہ اپنے طلاب کو منتقل کرتے ہیں۔ پروفیسر طلعت نے کہا کہ آج اور کل کے بہترین استاد وہ ہیں جواپنے مضامین میں سب کچھ جاننے کے علاوہ دیگر مضامین میں بھی کچھ نہ کچھ جانتے ہیں ۔انہوں نے یونیورسٹی کی انسانی وسائل کی ترقی کی سیل کو اس ریفریشر کورس کا انعقاد کرنے کیلئے مبارکباددی ۔اس موقعہ پر یونیورسٹی کے رجسٹرار ڈاکٹر نثار احمدمیرنے کہا کہ ریفریشر اور اورینٹیشن کورسوں سے یونیورسٹیوں اور کالجوں کے اساتذہ ماہرین سے بہت کچھ سیکھتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اگر آج استاد کو جدید معلومات نہیں ہوں گی تو وہ مفیدثابت نہیں ہوگا۔