تازہ ترین

ہمدانیہ کالونی بمنہ میں نقب زنی کا معاملہ حل، 5 گرفتار

لاکھوں روپے مالیت کے تانبے کے برتن برآمد

تاریخ    3 جنوری 2021 (00 : 01 AM)   


نیوز ڈیسک
سرینگر//پولیس نے ہمدانیہ کالونی بمنہ میں لاکھوں روپے مالیت کے تانبے کے برتنوںکی چوری کا معاملہ حل کرتے ہوئے 5نقب زنوں کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس پوسٹ بمنہ کودانش فاروق ساکنہ ہمدانیہ کالونی بمنہ نے تحریری شکایت کی کہ اس کی زہرا کمپلیکس ہمدانیہ کالونی بمنہ میں موجود تانبے کی دکان سے 23 اور 24 دسمبر 2020 کی درمیانی شب نامعلوم چوروں نے شٹرتوڑ کر لاکھوںروپے مالیت کے تانبے کے برتن اڑا لئے۔ پولیس تھانہ پارمپورہ میں اس ضمن میں ایف آئی آرزیر نمبر27/2020درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی۔ پولیس نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور تمام قانونی لوازمات پورا کرکے دکان اور ملحقہ علاقہ سے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی۔ جدید تکنیک کے استعمال اور فوٹیج کی مدد سے چند مشتبہ افراد کی شناخت کی گئی اورایک شخص کو4ساتھیوں سمیت گرفتار کیاگیا۔ گرفتار کئے گئے افراد کی اطلاع فراہم کرنے کے بعد چوری کیاگیا تانبہ لسجن سے برآمد کیاگیا۔قابل ذکر ہے کہ گزشتہ20دنوں کے دوران سب ڈویژن ویسٹ سرینگر نے چوری کے ایک اور معاملہ کو حل کرتے ہوئے 19لاکھ روپے مالیت کی جائیداد برآمد کی اور بہت سارا علاقہ سی سی ٹی وی کی نگرانی میں ہے۔ سب ڈویژن کے اہتمام سے منعقدہ پولیس عوامی دربار میں مقامی تاجر انجمنوں نے دکانوں میں سی سی ٹی وی لگانے کی اپیل پر مثبت ردعمل دکھایا ہے جس کے سبب علاقہ میں چوری کے واقعات میں کمی ہوئی ہے۔ سرینگر پولیس کاکہناہے کہ عوامی تعاون سے ہی سماجی برائیوں کا قلع قمع کیا جاسکتاہے۔