بینکنگ ایسو سی ایٹ کیلئے آن لائن بھرتی ٹیسٹ شروع

اسامیوںکی تعداد1500 ،ایک لاکھ40ہزار سے زائد امیدوار

تاریخ    2 جنوری 2021 (00 : 01 AM)   


نیوز ڈیسک
سرینگر //جموں و کشمیر بینک میں بینکنگ ایسو سی ایٹ کی1500اسامیوں کو پُر کرنے کیلئے آن لائن ٹیسٹ آج سے جموں و کشمیر وبیرون ریاست کے41 امتحانی مراکز پر منعقد کئے جا رہے ہیں۔ اس آن لائن امتحان میں ایک لاکھ40 ہزارسے زائد امیدوار شرکت کر رہے ہیں۔ 31جنوری تک جاری یہ امتحان اس مہینے 9 دنوں میں مکمل کیا جا ئے گا جس کیلئے ہر روز چار شفٹ ہونگے ۔ بینک میں تقرری کیلئے ملک کی ایک سرکردہ اور باوقار نوڈل ایجنسی انسٹی چیوٹ آف بینکنگ پرسنل سلیکشن (IBPS) ممبئی کے ذریعے یہ امتحان ٹیکنکل مشاورت میں ماہر ایجنسی ٹاٹا کنسلٹنسی سروس(TCS)کے اشتراک سے لئے جا رہے ہیں۔IBPS  ملک کے 227ممبر بینکوں کی انجمن انڈین بینکس ایسو سی ایشن کی سپانسرڈ ایجنسی ہے جو اس امتحان کو جموں و کشمیر بینک کیلئے منعقد کرارہی ہے اور یہاں بینک صرف نگرانی رول ادا کر رہا ہے۔ ایکزیکٹیو پریزیڈنٹ سنیل گُپتا کی  قیادت میں بینک کی اعلیٰ انتظامیہ ٹیم نے آج امتحان کے پہلے روز کئی امتحانی مراکز کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا ۔ انکے ہمراہ پریزیڈنٹ چیتن پلجور اور چیئرمین کے سپیشل سیکریٹری کرن جیت سنگھ بھی تھے۔  جموں و کشمیر بینک نے کووڈ19کے چلتے تمام امتحانی مراکز میں سرکاری ہدایات کو عملانے کیلئے مکمل ہدایات دی رکھی ہیں۔ بینک کے ایگزیکٹیو پریزیڈنٹ نے امیدواروں کے تئیں اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا اور انتظامات پر اپنے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ یہ امتحان صاف و شفاف طور منعقد  ہو رہے ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ امید واروں کو کسی قسم کی تکلیف نہ پہنچے ۔ انہوں نے کہا کہ امیدواروں کا جوش و خروش دیکھ کر اس بات کا احساس ہوتا ہے کہ یہاں کے قابل نو جوان جموں و کشمیر بینک میں کام کرنے کے کتنے متمنی ہیں۔ دریں اثناء امتحان میں شامل امیدواروں نے جے کے بینک کی طرف سے فراہم سہولیات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امتحان منعقد کرانے کیلئے ایک اچھا  ماحول اور نظم و نسق موجود تھا جس کیلئے ہم بینک انتظامیہ کا شکریہ اداکرتے ہیں۔
 

تازہ ترین