تازہ ترین

پانی اور بجلی کی عدم دستیابی باعثِ تشویش: اشرف میر

تاریخ    2 جنوری 2021 (00 : 01 AM)   


نیوز ڈیسک
سرینگر//اپنی پارٹی کے صوبائی صدر محمد اشرف میر نے پینے کے صاف پانی اور بجلی کی عدم دستیابی سے پیداشدہ صورتحال پرگہری تشویش کااظہار کیا ہے۔ ایک بیان میں اشرف میر نے کہاکہ سرائے بالا، راجباغ، بربر شاہ، چنار باغ اور شہر ِ سرینگر کے دیگر مقامات پر رہنے والے لوگوں کو شدت کی ٹھنڈ کے دوران صاف پانی کے بحران کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ’’پچھلے پندرہ دنوں سے شہر ِ خاص میں لوگ صاف پانی کے لئے پریشان ہیں۔انہوں نے کہاکہ لوگوں کو صرف جھوٹی یقین دہانیوں کے باوجود محکمہ صحت عامہ عملی طور کچھ کرنے میں ناکام رہا ہے اور خاموش تماشائی بنا ہوا ہے۔بجلی کی عدم دستیابی پر اشرف میر نے کہاکہ بہت زیادہ بجلی کٹوتی، خراب ٹرانسفارمروں کی مرمت اور لگاتار بجلی کٹوتی شیڈول میں تبدیلی نے لوگوں کو پریشان کر رکھاہے۔انہوںنے کہاکہ بلاخلل پانی اور بجلی کی سپلائی ہرشہری کا بنیادی حق ہے ، لیفٹیننٹ گورنر سربراہی والی انتظامیہ کو چاہئے کہ وہ ہنگامی بنیادوں پر لوگوں کے مسائل کو حل کریں۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر کے اندر اس وقت سرد ترین ایام چل رہے ہیں، جس میں غیر اعلانیہ بجلی کٹوتی اہلیان ِ وادی کے لئے ناقابل ِ برداشت ہے۔ دیہی علاقہ جات میں شہر ِ سرینگر سے بھی بدتر صورتحال ہے، صوبائی انتظامیہ کو چاہئے کہ اِن مسائل کو جلد سے جلد حل کیاجائے۔